وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا پولی کلینک ہسپتال کا دورہ زخمی پولیس اہلکاروں سے ملاقاتیں

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا پولی کلینک ہسپتال کا دورہ کرکے زخمی پولیس اہلکاروں سے ملاقاتیں کیں جبکہ علی الصبح پولیس اور ایف سی جوانوں کا حوصلہ بڑھانے ڈی چوک پہنچ گئے۔ہسپتال میں وزیر داخلہ محسن نقوی کی شرپسندوں کے ہاتھوں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں سے ملاقات کی اورزخمی اہلکاروں کی عیادت کی اور خیریت دریافت کی۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے زخمی پولیس اہلکاروں کے بلند حوصلے کو سراہااور کہا کہ آپ نے شرپسندی کے باوجود تحمل کا مظاہرہ کیا۔قانون کی عملداری کے لئے آپ نے فرض شناسی کی اعلی مثال قائم کی۔ محسن نقوی نے کہا کہ آپ اسلام آباد پولیس کے بہادر سپوت ہیں اور ہمیں آپ پر ناز ہے۔اسلام آباد میں امن عامہ یقینی بنانے پر آپ کو سلام پیش کرتے ہیں۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کے بہترین علاج معالجے کے حوالے سے ہدایات دیں ۔آئی جی اسلام آبادپولیس علی ناصر رضوی بھی ہمراہ تھے۔ادھروفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی پولیس اور ایف سی جوانوں کا حوصلہ بڑھانے علی الصبح ڈی چوک پہنچ گئے ۔انہوں نے جوانوں کو ویلڈن۔۔ شاباش دی اور کہاقوم کو آپ پر فخر ہے۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں سے ملاقات کی اور ان کے بلند حوصلے کو سراہا۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے خواتین پولیس اہلکاروں سے بھی ملاقات کی اور محنت سے فرض کی بجاآوری پر ان کی تحسین کی ۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے جانفشانی سے فرائض انجام دینے پر اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا ۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کیلئے دن رات ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں کی تعریف کی اور کہا اسلام آباد پولیس اور ایف سی جوانوں کا مورال بہت بلند ہے۔ اسلام آباد پولیس اور ایف سی اہلکار ہمہ وقت الرٹ ہیں۔ فرائض سرانجام دینے والے تمام اہلکاروں کو شاباش دیتا ہوں۔ محسن نقوی نے کہا کہ قانون کے رکھوالوں نے قانون کی عملداری یقینی بنائی ہے۔ آپ سب مبارکباد کے مستحق ہیں۔آپ فرض شناسی سے قومی فریضہ نبھا رہے ہیں۔ ہم سب آپ کے ساتھ ہیں۔آئی جی اسلام آبادپولیس علی ناصر رضوی بھی ہمراہ تھے۔

Comments are closed.