پارلیمانی رہنماؤں کے مطالبے پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق نے الیکشن کمیشن کو ایک اور خط لکھ دیا
اسلام آباد(آن لائن)پارلیمانی رہنماؤں کے مطالبے پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق نے الیکشن کمیشن کو ایک اور خط لکھ دیا ہے جس میں جلد سے جلد خواتین اور غیر مسلم اراکین کی نشستوں کے حوالے سے فیصلہ کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق پارلیمانی رہنماوٴں نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو لکھے گئے خط میں الیکشن ترمیمی بل 2024 کے تناظر میں خواتین اور غیر مسلم اراکین اسمبلی کی نشستوں کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی طرف سے فیصلہ نہ کیے جانے پر اظہار تشویش کیا ہے
۔پارلیمانی رہنماوٴں نے اسپیکر قومی اسمبلی کو الیکشن کمیشن کو اس حوالے سے جلد فیصلہ کرنے کے لیے خط لکھنے کی درخواست کی جس پر ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمانی رہنماوٴں کی درخواست پر الیکشن کمیشن کو دوسرا خط لکھ دیا،یاد رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی 19 ستمبر 2024 کو الیکشن کمیشن کو اس حوالے سے ایک خط پہلے ہی ارسال کر چکے ہیں۔ذرائع کے مطابق خط میں یاد دہانی کرائی گئی ہے کہ آئینی ترمیمی بل2024 پاس ہو چکا ہے اب الیکشن کمیشن جلد سے جلد خواتین اور غیر مسلم اراکین کی نشستوں کے حوالے سے فیصلہ کرے،انہوں نے کہا کہ سیٹوں کے جلد فیصلے سے اس حوالے سے ابہام ختم ہو جائے گا اور پارلیمان مکمل فعال ہو کر عوامی فلاح و بہبود کے لیّے بہتر طور پر اقدامات کر سکے گی۔
Comments are closed.