شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس، پاکستان بین الاقوامی سطح پر توجہ کا مرکز بن گیا

اسلام آباد( آن لائن) شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس، پاکستان بین الاقوامی سطح پر توجہ کا مرکز بن گیا، آئندہ ہفتے دو بڑی جوہری اور ویٹو طاقتوں کے وزرائے اعظم پاکستان کا دورہ کریں گے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق روسی وزیراعظم میخائل ولادیمیرووچ مشہوسٹن کی 14 اکتوبر کو اسلام آباد آمد متوقع ہے وہ شنگھائی تعاون تنظیم سربراہان مملکت اجلاس میں شرکت کریں گے۔ ان کے ہمراہ ایک وفد بھی پاکستان پہنچے گا۔ حال ہی میں 18ستمبرکو روسی نائب وزیراعظم الیکسی اوورچک نے بھی 2 روزہ دورہ پاکستان کیا تھا۔

دورہ پاکستان میں روسی وزیراعظم کی وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے علاوہ دیگرقیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ ذرائع کے مطابق چین کے وزیراعظم لی کیانگ بھی اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ 14 اکتوبرکو ہی پاکستان پہنچیں گے۔ چینی وزیراعظم کا تین روزہ دورہ پاکستان دو حصوں پر مشتمل ہوگا۔ چینی وزیراعظم پاکستان کی سیاسی اورعسکری قیادت سے ملاقات کریں گے جبکہ دورے کے دوسرے حصے میں چینی وزیراعظم 15 اور 16 اکتوبر کو ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان حکومت کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ یہ11 سال بعد کسی بھی چینی وزیراعظم کا دورہ پاکستان ہوگا۔

اس دوران چین اورپاکستان کے درمیان متعدد معاہدے بھی متوقع ہیں۔

Comments are closed.