ایس سی او اجلاس ،جڑواں شہروں کی سکیورٹی ہائی الرٹ

راولپنڈی (آن لائن) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم سربراہ اجلاس میں غیر ملکی سربراہان مملکت اور مندوبین کی سکیورٹی اور جڑواں شہروں میں امن و امان یقینی بنانے کیلئے راولپنڈی انتظامیہ و پولیس نے سکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اس ضمن میں ضلعی پولیس نے سربراہ اجلاس کے دوران 12 سے 16 اکتوبر تک تمام شادی ہال، کیفے، ریسٹورنٹ اور سنوکر کلب بند کرنے کا حکم دیا ہے اس مقصد کے لئے متعلقہ تھانوں کی پولیس نے تاجروں، ہوٹل اور ریسٹورنٹ مالکان کو تحریری نوٹس جاری کر دیئے ہیں جن میں مالکان سے تحریری یقین دہانی لی گئی ہے اور واضح کیا گیا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ افراد کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے گی پولیس کی جانب سے تاجروں، ہوٹل مالکان سے لئے گئے شورٹی بانڈز میں یقین دہانی لی گئی ہے کہ وہ موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر 12 سے 16 اکتوبر تک اپنی کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر بند رکھیں گے پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے

اور خلاف ورزی کی صورت میں ان کے خلاف کوئی کاروائی کی گئی تو انہیں کوئی اعتراض نہ ہوگا یاد رہے کہ شنگھائی کانفرنس کے پیش نظر اسلام آباد اور اس کے جڑواں شہر راولپنڈی میں 14 سے 16 اکتوبر تک پہلے ہی مقامی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے جس کے تحت راولپنڈی کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے اور سرکاری، نیم سرکاری اور نجی دفاتر مکمل طور پر بند رہیں گے جبکہ ایسی کاروباری سرگرمیاں بھی معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جہاں پر مشکوک افراد کی آمدورفت کے باعث کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے خدشات موجود ہوں۔

Comments are closed.