اسلام آباد (آن لائن) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ سیلز ٹیکس کی چوری روکنی ہے، کمپنیوں کا جھوٹ برداشت نہیں کرسکتے۔ سٹیل سمیت مختلف کمپنیاں انتیس ار ب روپے کی ٹیکس چوری کر رہی ہیں ۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں معاشی استحکام آرہا ہے، ایف بی آر میں بہتری کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، معاشی محاذ پر ہم بہتر پوزیشن میں آگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں، کرنٹ اکاونٹ خسارہ کم ہوا اور شرح سود میں کمی آرہی ہے، جی ڈی پی کو 13 فیصد پر لے جانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کمپنیاں ٹیکس کم کرنے کیلئے ان پٹ ٹیکس بڑھاتی ہیں، سیلز ٹیکس جمع کرکے آگے نہ دینا اعتماد کو توڑنا ہے، کمپنیوں کا جھوٹ برداشت نہیں کرسکتے
، ٹیکسز کی لیکیج روکنے کیلئے توانائی کے شعبے میں اصلاحات متعارف کرارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اسٹیل سمیت مختلف کمپنیاں29ارب روپے کا ٹیکس چوری کررہی ہیں، سیمنٹ کے لیے کوئلے کے بزنس میں 18 ارب روپے کی سیلز ٹیکس چوری ہے، ٹیکسٹائل کے شعبے میں 23 ارب روپے کا ٹیکس چوری کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بیٹریاں بنانے کے کاروبار میں 11 ارب روپے کاٹیکس چوری کیا جارہا ہے، مشروبات کے کاروبار میں 15 ارب روپے کا سیلز ٹیکس چوری کیاجارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر 128 ارب روپے کا ٹیکس چوری کیا جارہا ہے، قانون میں ایک ارب روپے ٹیکس چوری کی سزا 5سال قید ہے،اس موقع پر چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال نے کہا کہ سیلز ٹیکس چوری کرنے کیلیے کمپنیاں جھوٹ بولتی ہیں۔انہوں نے کمپنیوں کے سی ای اوز کو متنبہ کیا ہے کہ سیلز ٹیکس ریٹرنز پر ہر گز دستخط نہ کریں، ٹیکس چوری پر کوئی معافی نہیں ہوگی، گرفتاریاں کی جائیں گی۔
Comments are closed.