وزیراعظم کا وفاقی پولیس کی تنخواہیں پنجاب پولیس کے برابر کرنے ، پولیس کے لئے الاونسز و میڈلز بحال کرنے کا اعلان

اسلام آباد (آن لائن) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس کے اہلکار احسن طریقے سے اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں ۔ فسادی ٹولے کے احتجاج اور دھرنوں کے دوران ان اہلکاروں کی خدمات نا قابل فراموش ہیں ۔ پولیس نے فسادی جتھے کی لاشیں گرانے کی کوشش ناکام بنا دی ۔ وزیراعظم نے وفاقی پولیس کی تنخواہیں پنجاب پولیس کے برابر کرنے ، پولیس کے لئے الاونسز و میڈلز بحال کرنے کا اعلان بھی کیا جبکہ چوالیس شہدا کا پیکیج فی الفور فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ۔ پولیس کے شہدا اور غازیوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوے وزیر اعظم نے کہا حالیہ ا حتجاج کے دوران شہید ہونے والے عبدالحمید شاہ نے جان ہتھیلی پر رکھ کر جام شہادت نوش کیا ۔انکے اہل خانہ کو صبر و استقامت کا بے مثال پیکر پایا ہے ۔

لاکھوں پا کستانیوں کی امن کے لئے ایک اہلکا ر اپنی جان کی قربانی دیتا ہے ۔ شہید کے درجات اللہ نے بہت بلند رکھے ہیں ۔ عبدالحمید سمیت تمام شہدا کو سلام عقیدت پیش کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کے اہلکاروں اور جوانوں کی بہادری قابل ستائش ہے ۔ پولیس نے ہر مشکل وقت میں فرائض بخوبی نبھائے ۔ وزیراعظم نے وزیر داخلہ کو اسلام آباد پولیس میں افسران اور جوانوں کی کمی کو دور کرنے کے لئے مزید بھرتیاں کرنے کی بھی ہدائت کی ۔ انہوں نے کہا کہ دوہزار چودہ میں فسادیوں کے ٹولے نے ڈی چوک میں دھرنا دے کر ملکی معیشت کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا ۔ چینی صدر کا دورہ ملتوی ہوا ۔ فسادی اس وقت بھی ڈی چوک کو چھوڑنے کو تیار نہیں تھے ۔ ان کی خواہش تھی یہاں لاشیں گریں ۔ اس وقت بھی اسلام آ باد پولیس اور رینجر نے انتہائی عمدہ طریقے سے اپنے فرائض سر انجام دیتے ہوے سات ماہ تک جاری رہنے والے اس دھرنے کومنطقی انجام تک پہنچایا ۔ اس کے بعد بھی فسادیوں نے مذموم حملے کئے ۔ ایس پی جونیجو سمیت سینکڑوں اہلکار ان حملوں میں زخمی ہوے ۔ فسادیوں نے پارلیمنٹ اور پی ٹی وی پر بھی حملے کئے ۔ تاہم پولیس اہلکار اپنے فرائض بخوبی سر انجام دیتے رہے ۔ حالیہ دنوں میں ایک مرتبہ پھر فسادیوں کے اس ٹولے نے انتشار برپا کیا ۔

ایک صوبے کی طرف سے وفاق پر لشکر کشی ہوئی ۔ جتھے کا اصل مقصد ملک کا امیج خراب کرنا تھا ۔ پٹرول بم اور گالم گلوچ اس جتھے کا وطیرہ بن چکا ۔ اس تمام تر صورتحال میں پولیس کا کردار ناقابل فراموش رہا ۔ انہوں نے کہا ن لیگ نے ہمیشہ نوازشریف کی قیادت میں پولیس کو بہتر بناے کی کوشش کی ۔ نوازز شریف نے پاکستان میں پہلا سیف سٹی بنایا ۔ وزیراعظم نے اسلام آباد پولیس کی تنخوائیں فی الفور پنجاب پولیس کے برابر کرنے کا بھی اعلا ن کیا ۔ انہوں نے اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس کو لا ینڈ آرڈر ایگزیکٹو الاونس دینے ، چوالیس شہدا پیکیج فوری دینے کی بھی ہدائت کی ۔ انہوں نے کابینہ ڈوژرن کو پولیس میڈلز دوبارہ بحال کرنے کی بھی ہدائت کی ۔ وزیراعظم نے کہا یہ اقدامات کسی سیاسی ایجنڈے کے لئے نہیں ہیں بلکہ ہم ہمیشہ پولیس کی بہتری کے لئے کوشاں ہیں ۔ اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا وفاقی دارلحکومت میں پانچ ماہ میں جرائم کی شرح اڑتیس فیصد کم ہوئی ہے ۔ اسلام آباد میں ترقیوں کا عمل شروع ہو گیا ہے ۔ ستائیس پولیس سٹیشنوں کی اپ گریڈیشن کا عمل جاری ہے ۔ سیف سٹی میں وویمن پولیس سٹیشن بنا یا ، مزید بھی بنائیں گے ۔ سیف سٹی پروجیکٹ کے لئے دس ہزار کیمرے لگائے جائیں گے ۔ دس خدمت مراکز قائم کئے گئے ۔ قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف نے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز ا سلام آباد کا دورہ کیا اور یاد گار شہدا پر حاضری دی وزیراعظم نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ وزیر اعظم نے شہید عبدالحمید شاہ کے خاندان سے اظہار تعزیت بھی کیا وزیر اعظم نے شہدا گیلری دورہ بھی کیا ۔

Comments are closed.