ایشیاء کپ کا فاتحانہ آغاز پاکستان نے نیپال کو 238رنز سے شکست دیدی
ملتان (آن لائن)ایشیاء کپ کے آغاز پر پاکستان نے نیپال کی ٹیم کو 238رنز سے شکست دیدی ۔پاکستان نے ایشیا کپ میں بابراعظم کے 151 اور افتخار احمد کی شان دار سنچری کی بدولت فاتحانہ آغاز کیا۔پاکستان 15 برس بعد ایشیا کپ کی میزبانی کر رہا ہے اور افتتاحی میچ شان دار تقریب کے بعد ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر نیپال کے خلاف پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستان نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو فخر زمان 21 کے مجموعے پر 14 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئے انہوں نے 20 گیندوں کا سامنا کیا۔امام الحق بھی جلد ہی 25 کے اسکور پر رن آوٴٹ ہوگئے، انہوں نے 14 گیندوں کا سامنا کرکے 5 رنز بنائے تھے۔بابراعظم کا ساتھ دینے کے لیے محمد رضوان میدان آئے اور دونوں تجربہ کار بلے بازوں نے اسکور 111 رنز تک پہنچایا اور ٹیم کو مشکل سے نکالنے کی کوشش کی۔\
محمد رضوان نے 50 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 44 رنز بنائے تھے لیکن ایک اہم موقع پر نیپال کے آئری نے انہیں رن آوٴٹ کردیا۔بابراعظم نے ایشیاکپ کے پہلے میچ میں نصف سنچری مکمل کی لیکن دوسرے اینڈ سے آغا سلمان ان کا زیادہ دیر ساتھ نہیں دے پائے اور 5 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے۔بابراعظم اور افتخار احمد نے بہترین شراکت قائم کرتے ہوئے پاکستان کا اسکور آگے بڑھایا اور اس دوران کپتان نے اپنے ایک روزہ کیریئر کی 19 ویں سنچری مکمل کی۔بابراعظم نے جب 143 رنز کا انفرادی اسکور کیا تو وہ ایشیا کپ میں سب سے بڑی اننگز کھیلنے والے دوسرے بلے باز بن گئے، ان سے قبل 2012 میں بھارت کے مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی نے پاکستان کے خلاف 183 رنز بنائے تھے۔قومی ٹیم کے کپتان نے ایک روزہ کرکٹ کے کیریئر میں دوسری مرتبہ 150 رنز کا سنگ میل عبور کیا اور ایشیا کپ میں پاکستان کی جانب سے سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔بابراعظم اور افتخار احمد نے 131 گیندوں پر 214 رنز کی شراکت قائم کی، جس میں بابراعظم کے 102 اور افتخار کے 109 رنز شامل تھے، یہ شراکت پانچویں وکٹ میں پاکستان کی سب سے بڑی شراکت ہے۔افتخار احمد نے 67 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی جو ایشیا کپ کی چوتھی تیز ترین سنچری ہے۔
بابراعظم آخری اوور میں سومپل کامی کی گیند پر متبادل فیلڈر جورا کے ہاتھوں کیچ آوٴٹ ہوئے تاہم انہوں نے 131 گیندوں پر 14 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 151 رنز کی شان دار اننگز کھیلی۔شاداب خان آخری دو گیندوں میں بیٹنگ کے لیے میدان میں آئے اور ایک چوکا لگانے کے بعد آخری گیند پر بولڈ ہوگئے۔پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں پر 342 رنز بنائے۔افتخار احمد 71 گیندوں پر 11 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 109 رنز بنا کر ناٹ آوٴٹ رہے۔نیپال کی جانب سے سومپل کامی نے سب سے زیادہ 2 وکٹیں حاصل کیں، کاران کے سی اور سندیپ لیمیچین نے ایک،ایک کھلاڑی کو آوٴٹ کیا۔نیپال نے پہاڑ جیسے بڑے ہدف کے تعاقب شاہین شاہ آفریدی کو پہلی گیند پر چوکے سے کیا لیکن مایہ ناز باوٴلر نے پانچویں گیند پر کوشل بھرٹیل کو محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔شاہین شاہ آفریدی نے پہلے اوور کی آخری گیند پر نیپال کے کپتان روہت پاوٴڈیل کو صفر پر پویلین بھیج کر دوسری کامیابی دلائی۔نسیم شاہ نے اننگز کے دوسرے اور اپنے پہلے اوور میں آصف شیخ کو آوٴٹ کیا، جنہوں نے 5 رنز بنائے تھے۔پاکستانی باوٴلرز نے 14 رنز پر نیپال کی 3 وکٹیں حاصل کیں اور کرکٹ کی دنیا میں ناتجربہ کار نیپال کی ٹیم کو مشکلات سے دوچار کردیا۔
نیپال کے لیے عارف شیخ اور سومپ کامی نے چوتھی وکٹ کے لیے 59 رنز کی شراکت قائم کرکے اسکور 73 رنز تک پہنچایا۔فاسٹ باوٴلر حارث روٴف نے 15 ویں اوور میں پاکستان کو چوتھی وکٹ دلا کر نیپال کی ایک اچھی شراکت داری کا خاتمہ کیا، عارف شیخ نے 38 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 26 رنز بنائے تھے۔حارث روٴف نے دوسرے بلے باز سومپل کامی کو بھی اپنے اگلے اوور میں نشانہ بنایا، جنہوں نے 46 گیندوں پر 4 چوکوں کی مدد سے 28 رنز بنائے تھے۔نیپال کی 5 وکٹیں 82 کے اسکور پر گر چکی تھیں۔محمد نواز نے 90 کے اسکور پر 3 رنز بنا کر کھیلنے والے دیپندرا سنگھ کی وکٹیں اڑا دیں۔قومی ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان نے 22 ویں اوور میں نیپال کو ایک اور دھچکا دیا جب 13 رنز کی اننگز کھیلنے والے گلسن جھا کو فخر کے ہاتھوں کیچ کرایا، اس وقت نیپال کا اسکور 91 رنز تھا اور یہ گرنے والی ساتویں وکٹ تھی۔شاداب نے 22 ویں اوور کی پانچویں گیند پر سندیپ لیمیچین کو صفر پر آوٴٹ کردیا۔شاداب خان نے اننگز کے 24 ویں اوور میں آخری دو وکٹیں حاصل کرکے نیپال کو 104 رنز پر آوٴٹ کردیا۔نیپال کی پوری ٹیم 24 ویں اوور کی چوتھی گیند پر 104 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئی اور پاکستان نے میچ جیت کر قیمتی پوائنٹس حاصل کرلیے۔
پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں، شاہین شاہ آفریدی اور حارث روٴف نے 2،2 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔نسیم شاہ اور محمد نواز کے حصے میں ایک،ایک وکٹ آئی۔پاکستان کے کپتان بابراعظم کو شان دار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔اس سے قبل ٹاس جیت کر قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ پچ دیکھنے میں اچھی اور ڈرائے لگ رہی ہے، اس لیے ہم نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ میچ کے لیے ٹیم کو اعتماد دینا چاہتے تھے اس لیے پلیئنگ الیون کا پہلے ہی اعلان کردیا تھا، ہم اپنی کرکٹ انجوائے کریں گے، ایشیا کپ میں اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔ٹاس کے بعد ملتان اسٹیڈیم میں ایشیا کپ کی افتتاحی تقریب منعقد کی گئی جس میں نامور پاکستانی گلوکارہ ا?ئمہ بیگ اور نیپالی گلوکارہ تھریشالہ گرونگ نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔نیپال کی گلوکارہ تھریشالہ گرونگ نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔آئمہ بیگ نے ایک ہے قوم اور ایک منزل گا کر ایشیا کپ کی افتتاحی تقریب میں چار چاند لگائے۔واضح رہے کہ ایشیا کپ کے پہلے میچ کے لیے میزبان پاکستان نے نیپال کے خلاف پلیئنگ الیون کا اعلان گزشتہ روز کردیا تھا، ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔شیڈول کے مطابق ٹورنامنٹ کے 4 میچز پاکستان میں ہوں گے جبکہ باقی سری لنکا میں کھیلے جائیں گے۔پاکستان اور بھارت کے درمیان میچز بھی سری لنکا میں منعقد ہوں گے کیونکہ بھارتی بورڈ نے ٹورنامنٹ کے لیے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کر دیا تھا۔
Comments are closed.