بھارتی صحافی برکھا دت کی نواز شریف اور مریم نواز سے ملاقات

لاہور(آن لائن) بھارتی صحافی برکھا دت نے لاہور میں سابق ویراعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ملاقات کی ہے۔ پاکستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کی تیاریاں جاری ہیں اور سربراہ اجلاس کی کوریج کی غرض سے کئی ممالک کے میڈیا کے نمائندے پاکستان آرہے ہیں۔برکھا دت بھی اسی سلسلے میں پاکستان آئی ہیں، اگرچہ اس ملاقات میں تفصیلات سرکاری طور پر جاری نہیں کی گئیں مگر ذرائع کے مطابق ملاقات میں دونوں ملکوں کی تازہ سیاسی صورتحال اور علاقائی دوطرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

شریف خاندان کی طرف سے برکھا دت کی اچھے اندازمیں آؤبھگت بھی کی گئی اور ان کے اعزاز میں پُرلُطف ضیافت کا اہتمام کیا گیا۔یاد رہے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کے دورہ پاکستان کا اعلان ہوچکا ہے۔ اس سلسلے میں بھارتی دفتر خارجہ کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ وزیر خارجہ جے شنکر کا شنگھائی تعاون تنظیم میں شرکت کے لیے دورہ پاکستان شیڈول کیا گیا ہے۔دریں اثنا بھارتی وزیرخارجہ سبرامینم جے شنکر نے ایس سی او سربراہی اجلاس میں شرکت کے دوران دو طرفہ مذاکرات کے امکان کو مسترد کیا تھا۔ انہوں نے ایک تقریب میں سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ مجھے توقع ہے کہ میڈیا کی بھرپور توجہ ہوگی کیونکہ تعلقات کی نوعیت ایسی ہے لیکن میں کہنا چاہتا ہوں یہ اجلاس کثیرالملکی ہوگا۔

Comments are closed.