اسلام آباد ( آن لائن ) اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعدسابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے میڈیاسے گفتگومیں جے یوآئی ف کے سربراہ مولانافضل الرحمان کی تعریفوں کے پل باندھ دیے اور کہا ہے کہ اس وقت اگر پاکستان میں آئین کے تحفظ کی جنگ کوئی لڑ رہا ہے تو وہ مولانا فضل الرحمان ہیں۔جمعرات کوسابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے مزیدکہا کہ جس طرح مولانا فضل الرحمان نے گزشتہ رات اپنا موقف پیش کیا وہ وکلاء برادری کی امنگوں کے نزدیک ہے، ان کا موقف پاکستان کی جمہوری قوتوں کے موقف کے نزدیک ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت عدالتوں کے تحفظ کی سب سے زیادہ ضرورت ہے، اگر ہم وکلاء اور ججز عدالتوں کا تحفظ نہ کر سکے تو نادر شاہی دور واپس آ جائے گا، یہاں پر جو انصاف پہلے ہی موجود نہیں ہے وہ بالکل ہی ختم ہو جائے گا۔فواد چودھری کا کہنا تھا کہ اس وقت پوری قوم کی نظریں مولانا فضل الرحمان پر ہیں، مولانا نے آئینی ترامیم پر جو لڑائی لڑی ہے اس پر قائم رہتے ہوئے وہ پیپلز پارٹی کو اپنے موقف پر لے کر آئے ہیں تو قابل تحسین ہے، آزاد عدلیہ ہوتی ہے تو رول آف لاء ہوتا ہے ورنہ نہیں ہوتا۔سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ تحریک انصاف اس وقت مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ہی چل رہی ہے، مولانا فضل الرحمان گرینڈ اپوزیشن کا حصہ ہیں، وہ اپوزیشن پارٹیوں کی قیادت کر رہے ہیں، تحریک انصاف بھی ان ہی کی حکمت عملی پر چل رہی ہے۔
Comments are closed.