کے پی اسمبلی نے پارلیمانی بالادستی کے پچاس سالہ خواب کو حقیقت میں بدلا ہے‘ایازصادق

اسلام آباد(آن لائن)اسپیکر قومی اسمبلی نے اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اور اراکین کو ”خیبر پختونخوا صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ ملازمین کی سروس کی شرائط و ضوابط کے بل 2024” کی متفقہ منظوری پر مبارکباد کا خط ارسال کیا ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق نے کہا کہ خیبر پختونخوا صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ ملازمین کی سروس کی شرائط و ضوابط کا بل 2024” کی منظوری صوبے کی قانون سازی کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ہے، اس بل کی منظوری سے کے پی اسمبلی نے پارلیمانی بالادستی کے پچاس سالہ خواب کو حقیقت میں بدلا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ بل کی منظوری میں دونوں قانون ساز اداروں کے تعاون نے آئین کے آرٹیکل (127) اور آرٹیکل (87) کو نئی جلا بخشی۔بل کی تشکیل میں قومی اسمبلی اور اس کے سیکرٹریٹ کے کردار کو تسلیم کیا جانا قابل ستائش ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ دونوں قانون ساز اداروں کے درمیان باہمی تعاون پاکستان کی وحدت اور طاقت کی علامت ہے، قانون ساز اداروں کے مابین تعاون اور عزم ہمارے جمہوری اقدار کی بنیاد ہے۔اسپیکر کی مستقبل میں بھی خیبر پختونخوا صوبائی اسمبلی کیساتھ تعاون کو جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی اور خیبر پختونخوا صوبائی اسمبلی کے اراکین اور ملازمین کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔اسپیکر نے قانون ساز اداروں کو آئین پاکستان میں درج اصولوں کے تحت عوامی خدمت کو اسی جذبے اور لگن سے جاری رکھنے کی دعاکی۔

Comments are closed.