حکومت نے آئینی ترامیم کیلئے ظلم اور جبر کا بازار گرم کیا ہوا ہے‘اسد قیصر

اسلام آباد(آن لائن) سابق سپیکر قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی کے رہنمااسد قیصر نے کہاہے کہ حکومت نے آئینی ترامیم کیلئے ظلم اور جبر کا بازار گرم کیا ہوا ہے‘ آج اراکین پارلیمنٹ سمیت ان کے گھروں کی خواتین بھی حکومتی فسطائیت کا شکار ہیں۔ مولانا فضل الرحمن اور بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ملاقات کے بعد آئینی ترامیم کے حوالے سے پارٹی پالیسی سامنے رکھیں گے۔جمعرات کوپارلیمنٹ ہاؤ س میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سابق سپیکر نے کہاکہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار اتنا زیادہ جبر اور تشدد ایک آئینی ترمیم کے لیے کیا جارہا ہے انہوں نے کہاکہ ہمارے ایم این ایز چھپے ہوئے ہیں ہمارے ممبران قومی اسمبلی کے گھروں کی چادر چار دیواری کا تقدس پامال کیا جارہا ہے

انہوں نے کہاکہ کیا یہ جمہوریت ہے انہوں نے کہاکہ آج اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ ذیادتیوں پر پارلیمنٹ خاموش ہے ہم اپنا تحفظ نہیں کرسکتے ہماری بات کو کوئی سنجیدہ نہیں لے رہا ہے انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک میں عملا مارشل لا لگا ہوا ہے اس وقت ایک جعلی حکومت اقتدار میں بیٹھی ہوئی ہے انہوں نے کہاکہ شاہ محمود قریشی جیسے سینیئر سیاست دان کی بہو کو اٹھایا گیایہ کیسا قانون ہے انہوں نے کہاکہ یہ شیم جمہوریت ہے مجھے اپنے آپ کو ممبر قومی اسمبلی کہتے ہوئے شرم آتی ہے انہوں نے کہاکہ ہم عوام کے کام نہیں آرہے میں اس پارلیمنٹ سے بہت مایوس ہوں انہوں نے کہاکہ عوام اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ ہم ہر صورت کھڑے ہوں گے انہوں نے کہاکہ مجھے اس پارلیمنٹ میں بیٹھنا بے کار لگتا ہے آج ہم مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کریں گے ان سے ملاقات کے بعد پالیسی بیان دیں گے انہوں نے کہاکہ آئینی ترامیم کے حوالے سے بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد حتمی فیصلہ کریں گے

Comments are closed.