اسلا م آبا د(آن لائن)صدر اور وزیر اعظم نے بلوچستان کے علاقے پشین اور ژوب میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے ،دونوں ر ہنماؤں کی جانب سے الگ الگ بیانات جاری کئے گئے ہیں، وزیر اعظم شہبازشریف نے اپنے بیان میں کہا کہ ضلع پشین اور ڑوب میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کی پذیرائی ہے،وزیرِ اعظم نے پانچ خوارج کی گرفتاری، دو خوارج کو جہنم واصل کرنے اور بڑی تعداد میں اسلحہ و دھماکہ خیز مواد ضبط کرنے پر افسران و جوانوں کی تعریف کی
،شہباز شریف نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم وطن عزیز کو فتنہ الخوارج سے پاک کرنے کیلئے دن رات سرگرمِ عمل پاک فوج کے افسران و جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے،پاکستان کے دشمنوں کے ملک میں انتشار و بد امنی پھیلانے کے عزائم کو خاک میں ملانے کے مشن میں پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری کا پشین اور ڑوب میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کاروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے، صدر نے اپنے ایک بیان میں خوارج دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا، صدر مملکت نے دہشت گردی کے خلاف کاروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہارکیا ،صدر نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف کاروائیاں جاری رکھیں گے، سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے خلاف بہادری کے ساتھ لڑ رہی ہیں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔
Comments are closed.