پی ڈی ایم جماعتوں کے اتحاد نے کالے ناگ کے نہیں عدلیہ کے دانت نکال دیئے‘

جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان کا سینیٹ سے 26ویں آئینی ترمیم منظور ہونے پر ردعمل

اسلام آباد(آن لائن) جماعت اسلامی کا سینیٹ سے 26ویں آئینی ترمیم منظور ہونے پر ردعمل سامنے آگیا، جماعت مے امیر حافظ نعیم الرحمان کہتے ہیں کہ پی ڈی ایم جماعتوں کے اتحاد نے کالے ناگ کے نہیں عدلیہ کے دانت نکال دیئے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا خوب اتفاق ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کہتے ہیں ترمیم پر پیپلزپارٹی اور مولانا فضل الرحمان کا 100 فیصد اتفاق ہے

، بیرسٹر گوہر کہتے ہیں پی ٹی آئی کا مولانا سے اتفاق رائے ہوگیا، وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ کہتے ہیں مولانا فضل الرحمان نے حکومت کے مسودے سے اتفاق کیا ہے یعنی سب کا اس پر اتفاق ضرور ہے کہ اب منصور علی شاہ چیف جسٹس نہیں بن رہے، چیف جسٹس کا تقرر سنیارٹی پر نہیں ہوگا اور اب عدلیہ پر حکومت کا کنٹرول ہوگا۔اسی معاملے پر نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کہتے ہیں کہ آئینی ترمیم پر اتفاق نہیں مک مکا ہو رہا ہے، آئین کو متنازعہ بنایا جا رہا ہے، پورا ملک آئینی ترمیم کے ابہام اور تنازع کی گرفت میں ہے، عدالت کے ساتھ کھلواڑ کیا جا رہا ہے، جس کے لیے نظر نہ آنے والی قوتیں سیاسی جماعتوں کو اکھٹا بٹھا دیتی ہیں، وقت کا تقاضا ہے آئین کو متنازعہ ہونے سے بچایا جائے، سپریم کورٹ کے سینئر جج کو چیف جسٹس بنایا جائے۔

Comments are closed.