سی ٹی ڈی ،میانوالی پولیس کی مشترکہ کارروائی ،10 خوارجی دہشت گرد وں کو جہنم واصل کر دیا

پہاڑی علاقہ ملاخیل میں 10 سے 15 دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی

میانوالی /لاہور (آن لائن) سی ٹی ڈی پنجاب اور میانوالی پولیس نے انٹیلی جنس بیسڈ کے تحت مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 10 خوارجی دہشتگرد وں کو جہنم واصل کر دیا ،وزیرداخلہ محسن نقوی اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان اشرف نے ڈی پی او میانوالی اختر فاروق اور پولیس ٹیم کو10خوارجی دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے پر شاباش دی ہے ۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق میانوالی تھانہ مکڑوال کے پہاڑی علاقہ ملاخیل میں 10 سے 15 دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی، ڈی پی او میانوالی اختر فاروق کی قیادت میں سی ٹی ڈی، پولیس و ایلیٹ کی بھاری نفری نے آپریشن کیا۔

پولیس اور خوارجی دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا اور پولیس کی جوابی فائرنگ سے 10 خوارجی دہشتگرد مارے گئے ۔ترجمان کے مطابق ڈی پی او میانوالی اختر فاروق، ڈی او سی ٹی ڈی، ڈی ایس پی سرکل عیسی خیل سمیت پولیس و ایلیٹ کے تمام افسران و جوان فائرنگ میں محفوظ رہے ہیں۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے ڈی پی او میانوالی اختر فاروق اور پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب پولیس کے بہادر جوانوں نے 10خوارجی دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا،میانوالی پولیس کی ٹیم نے جرات کے ساتھ خوارجی دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا،پنجاب پولیس کے کمانڈر آئی جی عثمان انور اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں،میانوالی پولیس کے کارنامے پر قوم کو فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کے بہادر سپوتوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں نمایاں کامیابیاں سمیٹی ہیں،10 خوارجی دہشتگردوں کو ہلاک کرنے والے پولیس اہلکار قوم کے ہیرو ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دہشتگردوں کے خلاف بڑی کامیابی پر ڈی پی او میانوالی اور ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب پولیس الرٹ ہے، دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر دم لیں گے۔ ڈی پی او میانوالی اختر فاروق نے کہا کہ میانوالی پولیس امن دشمن عناصر کا اسی طرح جواں مردی سے مقابلہ کرتی رہے گی۔

Comments are closed.