اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑنے کہا ہے کہ کشمیری عوام مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کو کبھی قبول نہیں کریں گے، پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کا مضبوط حامی ہے۔ 27 اکتوبر یوم سیاہ کشمیر پر پیغام میں وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑنے کہا کہ 27 اکتوبر 1947ء جموں و کشمیر پر بھارت کی فوج کشی کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، بھارت نے اس روز کشمیریوں کی خواہشات کے برخلاف اپنی فوجیں کشمیر میں اتار کر غیر قانونی طور پر قبضہ کیا، بھارتی فاشسٹ حکومت کے مظالم اور ظالمانہ پالیسیوں کے باوجود کشمیری عوام اپنی آزادی کیلئے بے باک اور غیرت مند جدوجہد کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کشمیری عوام مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کو کبھی قبول نہیں کریں گے،
پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کا مضبوط حامی ہے، مسئلہ کشمیر پر وزیراعظم شہباز شریف کا جرات مندانہ موقف کشمیر کاز کو لے کر پاکستان کے غیر متزلزل عزم اور دیرینہ تنازعہ کے منصفانہ اور پرامن حل کی خواہش کا بھرپور اظہار ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کبھی بھی دنیا میں کشمیریوں کے جائز مقصد کی وکالت سے پیچھے نہیں ہٹا، پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا، مسئلہ کشمیر کا واحد قابل قبول حل اقوام متحدہ کی زیر نگرانی رائے شماری ہے، بھارت کشمیر کی قانونی حیثیت کو ختم کرنے کے درپے ہے، وفاقی وزیر اطلاعات نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیر کا پرامن حل نکالنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے اور بھارت کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے باز رکھے، ہم یقین رکھتے ہیں کہ کشمیری عوام اپنی منزل مقصود تک ضرور پہنچیں گے اور آزادی کا خواب تعبیر ہوگا۔
Comments are closed.