اسلام آباد(آن لائن)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مظلوم کشمیری عوام کیلئے ہماری حمایت غیر متزلزل رہی ہے اور ہمیشہ رہے گی ‘عالمی برادری کشمیر کے تصفیہ طلب بحران کو حل کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کرے۔کشمیریوں کے یومِ سیاہ کشمیر کے موقعے پر پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کی شدید مذمت کرتا ہوں‘ مقبوضہ وادی میں بنیادی حقوق و آزادی کا مطالبہ کرنے والے عوام کی آواز کو دبانے کی بھی مذمت کرتے ہیں۔
پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں میں تسلیم شدہ کشمیریوں کا حق خودارادیت ایک انسانی حق ہے۔ایک بنیادی انسانی حق کو کسی بھی ظلم و جبر سے چھینا نہیں جا سکتا۔عالمی برادری کشمیر کے تصفیہ طلب بحران کو حل کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کرے۔خطے میں انصاف، امن اور آزادی کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ناگذیر ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے لیے کشمیر کاز ہمیشہ بنیادی اہمیت کا حامل معاملہ رہا ہے۔قائد عوام شہیدبھٹو کا کشمیر کے لیے بے مثال وژن آج بھی مشعل راہ ہے۔شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی عالمی سطح پر کشمیر کے لیے جدوجہد ہمیشہ یاد رکھی جائے گی:۔صدر مملکت آصف علی زرداری کی کشمیر کاز کے لیے کاوشوں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔صدر زرداری نے اپنے پہلے دور صدارت میں مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر بھرپور انداز میں اجاگر کیا‘صدر آصف علی زرداری نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حقوق کی بھرپور وکالت کی ہے۔
صدر زرداری اس عظیم مقصد کو آگے بڑھانے کے لیے آج بھی پوری استقامت کے ساتھ پرعزم ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے اپیل کی کہ کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے کے لیے تمام پاکستانی آگے آئیں‘کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف تمام پاکستانی اپنی آواز بلند کریں‘کشمیریوں کی امنگوں اور اقوام متحدہ کے فریم ورک کے عین مطابق مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے تمام پاکستانی کوششیں کریں‘پیپلز پارٹی کشمیریوں کی قربانیوں کو تسلیم کرنے اور ان کی آواز کو قومی و بین الاقوامی سطح پر بلند کرنے کے لیے ہمیشہ پرعزم رہے گی۔
Comments are closed.