توشہ خانہ ٹو کیس میں پانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی

راولپنڈی (آن لائن)راولپنڈی اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت ہوئی۔کیس کی سماعت سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے کی تاہم توشہ خانہ ٹو کیس میں پانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی ۔عدالت نے وکلا مقرر کرنے کیلئے بانی پی ٹی آئی کو31اکتوبر تک کی مہلت دیدی ہے۔بانی پی ٹی آئی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا ۔بشری بی بی کی حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کی گئی ۔ایف آئی اے پراسیکوٹر کی جانب سے بشری بی بی کی حاضری سے استثنی کی درخواست کی مخالفت کی گئی ۔

ایف آئی اے پراسیکوٹر عمیر مجید کا موقف تھا کہ ضمانت ملنے کا مطلب یہ نہیں کہ ملزم ٹرائل کیلئے عدالت پیش نہ ہو‘حاضری سے استثنا کی درخواست پر بشری بی بی کے دستخط بھی موجود نہیں‘عدالت نے آج کی تاریخ فرد جرم عائد کرنے کے لیے مقرر کی تھی۔ پراسیکیوٹر عمیر مجید نے عدالت سے استدعا کی کہ توشہ خانہ ٹو کیس کا ٹرائل روزانہ کی بنیاد پر چلایا جائے۔ عدالت نے بشری بی بی کی حاضری سے استثناء کی درخواست منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر حاضر ہونے کا نوٹس جاری کر دیا۔بانی پی ٹی آئی نے توشہ خانہ ٹو کیس میں وکیل مقرر کرنے کے لیے عدالت سے وقت مانگ لیا ۔بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ گزشتہ تین ہفتے سے وکلا سے ملاقات اور مشاورت کا وقت نہیں دیا گیا

، بانی پی ٹی آئی کی جانب سے مشاورت کے لیے چار وکلا کے نام بھی عدالت کو دیے گئے ‘وکلا میں بیرسٹر علی ظفر، بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجہ اور بیرسٹر سلمان صفدر کے نام شامل ہیں ۔عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو وکلا سے مشاورت کے لیے 31 اکتوبر کا وقت دے دیا اورواضح کیا کہ وکلا مقرر کرنے کے لیے آخری موقع دیا جا رہا ہے،آئندہ سماعت پر اگر وکیل مقرر نہ کیے گئے تو عدالت سرکاری وکیل مقرر کر دے گی۔عدالت نے توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت دو نومبر تک ملتوی کر دی۔

Comments are closed.