وزیرِاعظم پاکستان بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کی کانفرنس میں شرکت کیلئے سعودی عرب پہنچ گئے

ریاض(آن لائن )وزیرِاعظم محمد شہباز شریف پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے کانفرنس میں شرکت کیلئے سعودی عرب پہنچ گئے ہیں جہاں ان کا ریاض کے نائب گورنر شہزادہ عبدالرحمٰن بن عبدالعزیز ،پاکستانی سفیر ودیگر نے استقبال کیا ۔وزیراعظم نے ریاض آمد پر جاری ہونے والے بیان میں کہا کہ اپنے بھائی شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر ریاض کے خوبصورت شہر میں پہنچا ہوں،سعودی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کروں گا۔وزیرِاعظم محمد شہباز شریف سعودی عرب کے دو روزہ سرکاری دورے پر ریاض پہنچ گئے۔ریاض کے نائب گورنر، عزت مآب شہزادہ عبدالرحمن بن عبدالعزیز نے ریاض پہنچنے پر وزیرِ اعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔

پاکستان کے سعودی عرب میں سفیر احمد فاروق اور پاکستان و سعودی عرب کے اعلی سفارتی افسران و اہلکار بھی ریاض ہوائی اڈے پر موجود تھے۔وزیراعظم ریاض میں 29 سے 31 اکتوبر کو منعقد ہونے والے آٹھویں فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو (FII) میں آج بدھ کو شرکت اور خطاب کریں گے۔وزیر اعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد عزت مآب شہزادہ محمد بن سلمان سے بھی ملاقات متوقع ہے۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، وزیرِ نجکاری عبدالعلیم خان، وزیرِ پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک، وزیرِ تجارت جام کمال خان اور وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔ادھرسعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچنے پر وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ اپنے بھائی شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر ریاض کے خوبصورت شہر میں پہنچا ہوں، آٹھویں فیوچر انوسٹ انیشی ایٹو کانفرس میں شرکت کے لئے ریاض پہنچا ہوں۔انہوں نے کہا کہ تجارتی، کاروباری اور سیاسی رہنماؤں کی شمولیت سے بھرپور اس کانفرنس کا حصہ بننے کے لئے پرجوش ہوں، سعودی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کروں گا۔

Comments are closed.