چیئرمین پی سی بی تعیناتی چیلنج کیس،محسن نقوی کو فریق نہ بنانے پر چیف جسٹس برہم

عدالت نے درخواست میں ترمیم کی اجازت دیدی،مزید سماعت غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی

اسلام آباد ( آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ میں محسن نقوی کی بطور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) تعیناتی چیلنج کرنے کی درخواست پر سماعت کے دوران درخواست میں محسن نقوی کو فریق ہی نہ بنانے پر چیف جسٹس نے درخواست گزار کے وکیل پر برہمی کا اظہار کیاہے۔فریق بنانے کے لیے درخواست میں ترمیم کرنے کی اجازت دے دی۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے شہری احمد نواز خان کی درخواست پر سماعت کی، درخواست میں محسن نقوی کو فریق ہی نہ بنانے پر چیف جسٹس نے درخواست گزار کے وکیل پر برہمی کا اظہار کیا۔ چیف جسٹس نے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ نے کس کی تعیناتی چیلنج کی، جس پر درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ہم نے محسن نقوی کی بطور چیئرمین پی سی بی تعیناتی چیلنج کی ہے۔چیف جسٹس نے کہا کہ فریقین میں کہاں لکھا ہوا ہے، اپنی درخواست پڑھیں آپ نے لکھا فریق نمبر 6 وہ تو وزارت داخلہ ہے، کیا ایسے درخواست دائر ہوتی ہے؟۔وکیل درخواست گزار نے عدالت کے چیف جسٹس سے استدعا کی کہ عدالت کچھ وقت دے میں درخواست میں ترمیم کرکے معاونت فراہم کروں گا۔ عدالت نے درخواست میں ترمیم کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔

Comments are closed.