اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت کی درخواست پر اعتراضات دور کر دیئے
قانون پر عمل ہوگا،بشری کی ضمانت ہو چکی ہے،ان اور عمران خان کا کیس ایک جیسا ہے،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب
اسلام آباد( آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت کی درخواست پر اعتراضات دور کر دیئے اور رجسٹرار آفس کو درخواست پیر کو دوبارہ سماعت کیلئے مقرر کرنے کا حکم دیدیا۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے کہ قانون پر عمل ہو گا قانون پر،بشری بی بی اور عمران خان کا کیس ایک جیسا ہے بشری بی بی کی ضمانت ہوچکی ہے انھوں نے یہ ریمارکس جمعہ کے روز دیے ہیں اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کیس کی سماعت کی،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہاکہ آپکی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات ہیں، وکیل درخواست گزار نے کہاکہ بشریٰ بی بی کو اسی کیس میں ضمانت دی گئی، بانی پی ٹی آئی پر بھی وہی الزام ہے،
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ وہ تو عورت تھی یہ مرد ہے، رْول آف کنسسٹنسی کیسے ہو سکتا ہے؟ رجسٹرار آفس کا اعتراض ہے کہ یہ معاملہ ستمبر کا ہے لیکن وکالت نامہ تو جولائی کا ہے۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کورٹ میں موجود شاہ خاور ایڈووکیٹ کو روسٹرم پر بلا لیا،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہاکہ شاہ خاور صاحب اِس معاملے پر آپ معاونت کر دیں،شاہ خاور نے کہاکہ یہ عمومی پریکٹس ہے کہ درخواست گزار جیل میں ہو تو ایک سے زائد وکالت نامے دستخط کروا لیے جاتے ہیں۔عدالت نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کر تے ہوئے درخواست کو پیر کو مقرر کرنے کی ہدایت کردی،بانی پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل نے آج ہی فریقین کو نوٹس جاری کرنے کی استدعا کی، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے کہ قانون پر عمل ہو گا قانون پر، عدالت نے رجسٹرار آفس کو کیس پیر کو سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔
Comments are closed.