وزیر اعظم کا دورہ انتہائی کامیاب ، قطر نے پاکستان میں تین ارب ڈالر اور سعودی عرب نے ساٹھ کروڑ کی مزید سرمایہ کاری کا اعلان کیا ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات

اصلاحات کے مرحلے سے ہم استحکام کی جانب بڑھ رہے ہیں، دہشتگردی کے خاتمے کے لئے حکومت پر عزم ہے ، عطا اللہ تارڑ

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ملکی معیشت ترقی اور استحکام کی جانب گامزن ہو گئی ہے ۔ وزیراعظم کے سعودی عرب اور قطر کے دورے انتہائی کامیاب رہے ۔ سعو دی قیادت نے ساٹھ کروڑ کی مزید سرمایہ کاری جبکہ قطر نے پاکستان میں تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے ۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوے انہوں نے کہا کہ حکومتی کاوشوں سے معیشت استحکام کی راہ پر گامزن ہے ۔ وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب اور قطر انتہائی کامیاب رہے ہیں ۔ وزیراعظم اپنا دورہ مکمل کر کے وطن واپس آ گئے ہیں۔

انہوں نے کہا حالات میں بتدریج بہتری آ رہی ہے۔ اصلاحات کے مرحلے سے ہم استحکام کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا دورہ سعودی عرب میں ہونے والی ملاقاتیں نتیجہ خیز رہیں۔ ملکی معیشت کی بحالی اور استحکام میں سعودی عرب کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوے انہوں نے کہا حال ہی میں سعودی وزیر سرمایہ کاری کے دورہ پاکستان میں 27 مفاہمت کی یادداشتیں دستخط ہوئی تھیں جن کی مالیت 2.2 ارب ڈالر تھی تاہم انوسٹمنٹ کانفرنس کی سائیڈ لائنز پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے وزیراعظم کی انتہائی خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی۔ سعودی عرب کے ساتھ مزید معاہدے ہوئے ہیں۔ جس کے بعد سرمایہ کاری 2.2 ارب ڈالر سے بڑھ کر 2.8 ارب ڈالر ہو چکی ہے۔ 27 ایم او یوز کی تعداد بڑھ کر 34 ہو گئی ہے ۔ پانچ ایم او یوز پر کام شروع ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا 600 ملین ڈالر کی اضافی سرمایہ کاری سے معیشت پر مثبت اثر پڑے گا۔ سعودی فوڈ چین البیک پاکستان آرہی ہے ۔ انہوں نے کہا پاکستان نے ہر فورم پر نہتے فلسطینیوں کے حق میں آوا ز بلند کی۔ وزیراعظم نے ریاض کانفر نس میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی ۔ اور غزہ میں مسلمانوں کی نسل کشی فوری بند کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا سعودی عرب کے بعد وزیراعظم کا دورہ قطر بھی انتہائی شاندار رہا ۔ دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے ایک نئے باب کا اضافہ ہوا ہے ۔ قطر نے پاکستان کے حوالے سے نمائش کا انعقاد کیا۔ پاکستانی فنکاروں، مصوروں کو اس نمائش میں مدعو کیا گیا۔ 1947ء سے اب تک کے پاکستان کے فن پارے اس نمائش میں پیش کئے گئے۔ ہم نمائش کے انعقاد پر امیر قطر اور ان کی ہمشیرہ کے مشکور ہیں۔ اس نمائش کے انعقاد سے پاکستان کی عزت افزائی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا دنیا بھر سے آئے ہوئے لوگوں نے پاکستانی فن پاروں کو سراہا ۔ امیر قطر اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان غیر روایتی گرم جوشی دیکھنے میں آئی ہے ۔ قطر نے پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا جس سے پاکستان کی معیشت کو مزید تقویت ملے گی۔

قطر پاکستان میں توانائی، معدنیات، آئی ٹی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرے گا۔ ا س سلسلے میں قطر کا وفد جلد پاکستان آئے گا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی دن رات کی محنت کے نتیجے میں مہنگائی 6.9 فیصد پر آ گئی ہے، ریکارڈ ترسیلات پاکستان میں آئیں۔ شرح سود میں کمی ہوئی ہے اور خارجہ محاذ پر پاکستان کی عزت میں اضافہ ہوا ہے۔ دوست ممالک کی طرف سے سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔ شہباز شریف کا اکنامک ایجنڈا تیزی سے پایہ تکمیل کو پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان 24 سال بعد فسکل سرپلس میں گیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا خیبر پختونخوا میں غیر سنجیدہ حکومت ہے۔ وہ کبھی بھاگتے ہیں، کبھی چھپتے ہیں۔ یہ کرتب کتنی دیر چلیں گے؟،صحت، تعلیم، اصلاحات کے حوالے سے انہوں نے کیا اصلاحات کیں؟عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کیا اقدامات اٹھائے، یہ نظر نہیں آ رہے۔ بہت جلد عوام ان کا گریبان پکڑیں گے، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے طالبان کو واپس لا کر بسایا۔ امن و امان اور دہشت گردی کی کارروائیوں پر ان کی کوئی توجہ نہیں ہے۔ صوبے میں سویلین اور فوجی جوان شہید ہو رہے ہیں۔ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ صوبائی معاملات کو چلانے کیلئے اہل نہیں ہیں ۔ انہوں نے دہشت گردی کے خاتمہ کو حکومت کی ذمہ داری ٹھہراتے ہوے کہا کہ سیکورٹی کے حوالے سے وزیراعظم کی بھرپور توجہ ہے۔ہم دہشت گردی کے خاتمے کے عزم پر قائم ہیں۔ دہشت گردی کے واقعات میں وقت کے ساتھ کمی واقع ہوگی۔ اس لعنت کے کے خاتمے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جائے گی۔

Comments are closed.