کسی کے ایجنڈے کو نہیں بلکہ صحافیوں کو پاکستان کے ایجنڈے کو آگے لے کر چلنا چاہیے‘محسن نقوی

اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ کسی کے ایجنڈے کو نہیں بلکہ صحافیوں کو پاکستان کے ایجنڈے کو آگے لے کر چلنا چاہیے‘صحافتی ذمہ داریاں ادا کرنے کیلئے سازگار اور محفوظ ماحول کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔ صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن پر پیغام میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ صحافتی ذمہ داریاں ادا کرنے کے لیے سازگار اور محفوظ ماحول کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔ مستند اطلاعات سے عوام کو آگاہ کرنے کے لیے صحافیوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ صحافیوں کو سچ اور جھوٹ کے درمیان فرق کو واضح کرنا چاہیے اور ذمہ دارانہ صحافت پر فوکس کرنا چاہیے۔

محسن نقوی نے کہا کہ کسی کے ایجنڈے کو نہیں بلکہ صحافیوں کو پاکستان کے ایجنڈے کو آگے لے کر چلنا چاہیے۔ بدقسمتی سے اب صحافت ایک ایسے بھنور میں پھنسی ہوئی ہے جہاں سچ جھوٹ کی تمیز تقریبا ختم ہو چکی ہے۔ فیلڈ کے اندراور باہر ایک مافیا سرگرم عمل ہے جو صحافتی برادری کے خلاف جرائم کا مرتکب ہو کر اثر اندازی کا سبب بنتا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ صحافی برادری کے خلاف جرائم کی طویل فہرست ہے اور ان جرائم کو روکنے کے لئے حکومتوں کے ساتھ معاشرے کے ہر طبقے کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ جرائم کا نشانہ بننے والے صحافیوں کے ساتھ یکجہتی کااظہار کرتے ہیں۔ آج ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ صحافی برادری کے خلاف جرائم کی روک تھام کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائیں گے۔ محسن نقوی

Comments are closed.