شمالی و جنوبی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب سیکیورٹی آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان کے علاقے دوسالی اور جنوبی وزیرستان کے علاقے خمرنگ میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب سیکیورٹی آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم کو اس طرح خاک میں ملاتے رہیں گے۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے خوارجی دہشتگردوں کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا۔پیر کو جاری ہونے والے ایک بیان میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کے علاقے دوسالی اور جنوبی وزیرستان کے علاقے خمرنگ میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب سیکیورٹی آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کامیاب آپریشن میں 6 خارجیوں کو جہنم واصل کرنے اور 3 کو گرفتار کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پزیرائی کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم کو اس طرح خاک میں ملاتے رہیں گے، پوری قوم افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری پر سلام پیش کرتی ہے، دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک دہشتگردوں سے ہماری جنگ جاری رہے گی۔ادھر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان میں خوارجی دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کی تحسین پیش کرتے ہوئے 6 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم کرنے پر سکیورٹی فورسز کو شاباش دی اور کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے خوارجی دہشتگردوں کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا۔
شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر خوارجی دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا۔ محسن نقوی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں قیام امن کیلئے سکیورٹی فورسز نے ہمیشہ پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔ شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے پر سیکورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی لائق تحسین ہے۔ خیبرپختونخوا کی سرزمین پر دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو قوم سلام پیش کرتی ہے۔ قوم کو سکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں پر فخر ہے۔
Comments are closed.