خیبر پختونخوا حکومت نے الیکشن کمیشن کے خلاف پشاور ہائیکورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، بیرسٹر ڈاکٹر سیف
رٹ پٹیشن مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو نہ دینے کے خلاف دائر کی جائے گی۔مشیر اطلاعات
ہشاور(آن لائن)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے الیکشن کمیشن کے خلاف پشاور ہائیکورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،یہ رٹ پٹیشن مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو نہ دینے کے خلاف دائر کی جائے گی، الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے اکثریتی فیصلے کے باوجود مخصوص نشستوں کا نوٹفیکشن جاری نہیں کیا ہے۔اپنے جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی سینٹ سیٹوں پر انتخابات کے لئے شیڈول بھی تاحال جاری نہیں کیا گیا ہے۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ اس رٹ پٹیشن کی منظوری گزشتہ روز وزیراعلیٰ کی زیرصدارت کابینہ اجلاس میں دی گئی ہے اور خیبر پختونخوا کی صوبائی کابینہ نے پٹیشن دائر کرنے کے لئے ایڈوکیٹ جنرل کو اجازت دیدی ہے۔مشیر اطلاعات نے کہا کہ سپریم کورٹ کے 8 ججز نے مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن پہلے تاخیری حربے استعمال کررہا تھا مگر اب تو کھلم کھلا سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کررہا ہے، الیکشن کمشنر کے متعصبانہ رویے نے پی ٹی آئی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ کی حکم عدولی پر الیکشن کمشنر توہین عدالت اور آرٹیکل 6 کے مرتکب ہوچکے ہیں۔
Comments are closed.