شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن

دو کارروائیوں میں چارخارجی دہشت گرد جہنم واصل ،سیکیورٹی فورسز ہر حال میں اپنی سرزمین سے دہشت گردی کا خاتمہ کرینگی، آئی ایس پی آر

راولپنڈی(آن لائن)شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ،دو کارروائیوں میں چارخارجی دہشت گرد ہلاک کردیئے ، دہشت گرد افغانستان کی جانب سے دراندازی کی کوشش کررہے تھے جسے موثر انداز میں ناکام بنا دیاگیا ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے سپین وام میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کونشانہ بنایا فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں دو خارجی دہشت گرد جہنم واصل کئے گئے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دوسری کارروائی میں پاک افغان بین الاقوامی سرحد کے قریب سپین وام میں افغانستان کی جانب سے دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دو خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا کارروائی میں دو دہشت گرد زخمی بھی ہوئے ۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہناتھاکہ ملک سے خارجی دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ یقینی بنانے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز کیے جا رہے ہیں،پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے کے لیے پرعزم ہیں ہے پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ہر حال میں اپنی سرزمین سے دہشت گردی کا خاتمہ کریں گی۔

Comments are closed.