190ملین پاؤنڈ کیس،عدالتی احکامات موصول نہ ہونے پر مزید سماعت13 نومبر تک ملتوی

راولپنڈی (آن لائن) اسلام آباد کی خصوصی احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے تحریک انصاف کے سابق چیئرمین اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاوٴنڈ کے مالیاتی سکینڈل پر مبنی القادر ٹرسٹ ریفرنس کی سماعت ہائی کورٹ کے احکامات موصول نہ ہونے کی وجہ سے 13 نومبر تک ملتوی کردی ہے گزشتہ روز سماعت کے موقع پر سابق چیئرمین کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا بشریٰ بی بی بھی سماعت کے لئے اڈیالہ جیل آئیں اس موقع پر ملزمان کے وکیل فیصل چوہدری نے عدالت کو بتایا کہ اسلام اباد ہائی کورٹ نے حکم دیا ہے کہ پہلے بریت کی درخواستوں پر فیصلہ کیا جائے، جس پر عدالت نے جواب دیا کہ اسلام اباد ہائی کورٹ سے اس حوالے سے ابھی کوئی حکم نامہ موصول نہیں ہوا اس دوران نیب کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ چونکہ ملزمان عدالت میں موجود ہیں ان کے 342 کے بیان ریکارڈ کئے جائیں جس پر ملزمان کے وکیل کا موقف تھا کہ 79 سوالات پر مشتمل سوال نامہ ہے اس کے لئے وقت درکار ہے لہذا 342 کے بیان کے لئے 14 دن کا وقت دیا جائے تاہم عدالت نے ریفرنس کی سماعت 13 نومبر تک ملتوی کر دی۔

Comments are closed.