پاکستان ‘ سعودی عرب برادرانہ تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں‘وزیراعظم

ریاض (آن لائن) وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے سعودی عرب کے وزیر برائے سرمایہ کاری عزت مآب خالد بن عبدالعزیز الفالح اور ایڈوائزر رائل کورٹ محمد التویجری نے ملاقات کی۔ دونوں ممالک کے درمیان حالیہ اقتصادی تعاون کے حوالے سے پیشرفت پر تبادلہء خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دہائیوں پر محیط برادرانہ تعلقات ہیں جو ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ وزیراعظم نے خادم حرمین شریفین عزت مآب شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم عزت مآب شہزادہ محمد بن سلمان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ۔ انہوں نے کہاکہ فیوچر انوسٹمنٹ انیشی ایٹو فورم کی سائیڈ لائینز پر سعودی ولی عہد و وزیراعظم عزت مآب محمد بن سلمان سے ملاقات انتہائی مفید رہی ۔ آپ کا حالیہ دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری اور معاشی تعلقات کو مضبوط بنانے کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل تھا۔وزیراعظم نے اظہار اطمینان کرتے ہوے کہا سعودی وزیر سرمایہ کاری کے دورہء پاکستان میں تعاون کی 2.8 ارب ڈالر کی جن مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے ان میں سے 8 پر کام کا آغاز ہو چکا ہے۔

وزیراعظم نے عرب ، اسلامک ممالک کے غیر معمولی سربراہی اجلاس کے انعقاد پر سعودی قیادت کو خراج تحسین بھی پیش کیا ۔ وزیراعظم نے سعودی عرب میں پرتپاک میزبانی پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں پاکستان سے بڑی تعداد میں ہنر مند افرادی قوت کے لئے سعودی عرب میں روزگار کے مواقع پر تبادلہء خیال کیا گیا ۔ اس حوالے سے جلد ایک بڑی پیشرفت متوقع ہے۔ وزیراعظم نے کہا دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے شعبوں میں وسیع تر تعاون عملی شکل اختیار کررہا ہے، جو کہ انتہائی خوش آئند ہے ۔ انہوں نے کہا اکتوبر میں پاک، سعودی بزنس فورم میں پاکستانی اور سعودی کاروباری اداروں کے درمیان بات چیت نے نئی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کی ہے اور پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعاون کو گہرا کیا ہے۔ انہوں نے کہا خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے ذریعے ہونے والی پیش رفت، پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو تیز کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے سعودی عرب کے ویڑن 2030 کی حمایت کے حوالے سے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہا سعودی عرب میں مقیم پاکستانی دونوں ممالک کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار کر رہے ہیں۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔

Comments are closed.