سیکیورٹی فورسز کا بلوچستان ضلع کیچ میں کامیاب آپریشن

شدیدفائرنگ کے تبادلے میں انتہائی مطلوب دہشت گرد سرغنہ ثنا عرف بارود 4ساتھیوں سمیت مارا گیا ،مجید بریگیڈ سے تعلق رکھنے والا دہشت گرد ریکروٹمنٹ ایجنٹ ،قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انتہائی مطلوب فہرست میں شامل تھا ، آئی ایس پی آر

کوئٹہ، راولپنڈی (آن لائن) سیکیورٹی فورسز کا بلوچستان کے ضلع کیچ میں دہشت گردوں کی موجودگی پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ،شدید فائرنگ کے تبادلے میں انتہائی مطلوب دہشت گرد سرغنہ ثنا عرف بارود 4ساتھیوں سمیت مارا گیا ،ثنا عرف بارود دہشت گردوں کا ریکروٹمنٹ ایجنٹ تھا ۔

ترجمان افواج پاکستان آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 12اور 13نومبر کی درمیانی راست دہشت گردوں کے خلاف بالگتار میں انٹیلی جنس اطلاع پر کارروائی کی جس کے دوران فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں انتہائی مطلوب دہشت گرد سرغنہ ثنا عرف بارود اپنے دیگر 4ساتھیوں سمیت مارا گیا ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد سرغنہ ثنا عرف بارود دہشت گردوں کا ریکروٹمنٹ ایجنٹ تھا اوراس کا تعلق مجید بریگیڈ سے تھا جو ضلع کیچ میں خود کش حملہ آوروں کی بھرتی کرتا تھا اور یہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی فہرست میں شامل تھا ۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد کرلیاگیاہے اور علاقے کو دہشت گردوں سے مکمل طورپر پاک کرنے کیلئے سرچ آپریشن بھی شروع کردیاگیا ہے ۔ آئی ایس پی آ کا مزیدکہنا تھا کہ ملک پاکستان کی سیکیورٹی فروسز قوم کے تعاون سے بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کی دشمن قوتوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں ۔

Comments are closed.