چیئرمین پیپلز پارٹی کی دنیا بھر کی سکھ برادری کو گرونانک کے جنم دن پرمبارکباد

اسلام آباد(آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان سمیت دنیا بھر کی سکھ برادری کو گْرو نانک دیو جی کے جنم دن کی دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے گْرو نانک دیو جی کی محبت، امن اور مساوات پر مبنی تعلیمات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں ہم آہنگی اور یکجہتی کو فروغ دینے کے لیے ان کی تعلیمات کی افادیت برقرار ہے، پی پی پی چیئرمین نے گْرو نانک کی بھائی چارے، ہمدردی اور احترام انسانیت پر مبنی تعلیمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدار نہ صرف سکھ برادری کے لیے مشعل راہ ہیں بلکہ ان تمام لوگوں کے لیے بھی بڑی اہمیت کی حامل ہیں جو ایک منصفانہ اور پرامن معاشرہ قائم کرنے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے پاکستان میں سکھ ورثے کو سراہا اور پاکستان پیپلز پارٹی کے عزم کا اعادہ کیا کہ وہ پاکستان میں تمام اقلیتی برادریوں کے حقوق اور آزادیوں کے تحفظ کے لیے پْرعزم ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ سے ہی تمام مذہبی اور ثقافتی برادریوں کے حقوق کی حفاظت کی ہے تاکہ ہر شہری، چاہے اس کا کوئی بھی مذہب ہو، ملک میں خود محفوظ اور معتبر محسوس کر ے۔ انہوں نے پاکستان کی اس طویل روایت پر فخر کا اظہار کیا کہ یہاں سکھ یاتریوں کو مقدس مقامات، بشمول کرتارپور میں واقع تاریخی گردوارہ دربار صاحب، پر خوش آمدید کہا جاتا ہے، جو امن اور بین المذاہب احترام کی علامت ہے۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایک ایسے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا جو اپنی ثقافتی تنوع کا جشن منائے اور تمام شہریوں کے درمیان ہم آہنگی اور باہمی احترام کو فروغ دینے کے لیے انتھک محنت کرے۔

Comments are closed.