چیف جسٹس کی زیرصدارت اہم اجلاس، عدالت عظمیٰ سے ماتحت عدلیہ اور نظام انصاف میں اصلاحات کی ضرورت پراتفاق
اسلام آباد (آن لائن)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی صدارت میں ہونے والے سپریم کورٹ میں انصاف کی فراہمی کو بہتر کرنے کیلئے اہم اجلاس میں کئی فیصلے کیے گئے ہیں۔اجلاس میں عدالت عظمیٰ سے لے کر ماتحت عدلیہ اور نظام انصاف کے ہر شعبے میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیاگیااور اتفاق کیا گیا۔اجلاس کے شرکاء نے نظام انصاف کے طریقہ کار کا باریک بینی سے جائزہ لینے اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور دیا۔سپریم کورٹ سے جاری اعلامیے میں کہاگیاہے کہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں انصاف کی فراہمی بہتر کرنے سے متعلق اقدامات پر غور کیا گیا، اجلاس میں درس وتدریس سے وابستہ سکالرز اور ماہرین نے شرکت کی، صدر و سیکرٹری سپریم کورٹ بار بھی اجلاس میں شریک ہوئے
،اجلاس میں نظام انصاف کو بہتر کرنے کے لیے جامع اصلاحات پر غور کیا گیا، چیف جسٹس نے شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے نظام انصاف کو درپیش چیلنجوں سے متعلق آگاہ کیا، اصلاحات کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز، سائلین اور شہریوں سے بھی رائے لی جائے گی، چیف جسٹس نے نظام انصاف میں اصلاحات کے لیے یونیورسٹیوں کے کردار کو سراہا،رجسٹرار سپریم کورٹ نے اجلاس کے شرکاء کو نظام انصاف میں ناگزیر اصلاحات پر بریفنگ دی، ڈویلپمنٹ ایکسپرٹ شیر شاہ نے چیف جسٹس پاکستان کے اصلاحات سے متعلق وژن کے مطابق قلیل مدتی پلان پیش کیا، ہمایوں ظفر نے عدالتی نظام کی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے حوالے سے مختلف پلان پیش کیے، شرکاء کی جانب سے نظام انصاف میں موجودہ خامیوں کو دور کرنے، شفافیت لانے اور استعداد کار بڑھانے پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی، یونیورسٹیوں کی جانب سے نامزد فوکل پرسن اصلاحاتی ایجنڈے پر عملدرآمد کرانے کے لیے سپریم کورٹ کی معاونت کرے گا۔
Comments are closed.