دہشت گرد بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے عزم کو متزلزل اور بزدلانہ حملے بہادر قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے‘وزیراعظم

اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم محمد شہبازشریف نے قلات میں نہتے شہریوں پردہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگرد بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے عزم کو متزلزل اور بزدلانہ حملے بہادر پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ضلع قلات کے علاقے جوہان میں دھشتگردوں کے نہتے شہریوں پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی بلندی درجات اور انکے اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا اور واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ایک بیان کے مطابق وزیرِاعظم نے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف فوری کاروائی اور انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کی اورکہا کہ دہشتگردوں کا نہتے شہریوں پر بزدلانہ حملہ قابل مذمت ہے‘بلوچستان میں انتشار اور بد امنی پھیلانے والے عناصر بلوچستان کے لوگوں اور اسکی ترقی کے دشمن ہیں۔شہبازشریف نے کہا کہ ایسے مذموم ہتھکنڈے حکومت کے بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے‘دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے بہادر پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کے دشمنوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا کر رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔

Comments are closed.