چینی کی قیمتوں میں اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا‘وزیراعظم‘ شوگر ملوں میں کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(آن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شوگر ملوں، شوگر ڈیلرز کے حوالے سے بڑا فیصلہ لیتے ہوئے ایف بی آر، ایف آئی اے اور آئی بی کو چینی کی فروخت پر ٹیکس چوری، غیر دستاویزی سیلز اور قیمتوں میں اضافے کی روک تھام کیلئے مشترکہ کارروائی کی ہدایت کی ہے اور اس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ ایف بی آر، آئی بی اور ایف آئی اے شوگر سیکٹر میں سیلز ٹیکس کی چوری کے سدباب کو یقینی بنائیں، شوگر کرشنگ سیزن شروع ہو رہا ہے، شوگر ملوں اور ڈیلرز سے جی ایس ٹی کی 100 فیصد وصولی کو یقینی بنایا جائے۔

وزیراعظم نے شوگر ملوں میں کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے اسطرح چینی کی ذخیرہ اندوزی نہیں ہو سکے گی اور قیمتوں میں توازن رہے گا۔ٹیکس چوری اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث شوگر ملز مالکان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی ۔وزیراعظم نے کہا کہ کیمروں کے ذریعے شوگر ملوں کے پیداواری عمل اور ذخیرہ اندوزی پر نظر رکھی جائے گی، سیلز ٹیکس کی ادائیگی یقینی بنائی جائے گی۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ چینی کی قیمتوں میں اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گااور شوگر سٹہ مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے کہا کہ اسٹیل، سگریٹ، سیمنٹ اور مشروبات سمیت دیگر شعبوں میں بھی اسی طرح کے اقدامات کیے جائیں۔

Comments are closed.