وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے بنوں میں مشترکہ چیک پوسٹ پرخارجیوں دھماکے کی مذمت

پشاور(آن لائن)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے بنوں میں مشترکہ چیک پوسٹ پرخارجیوں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں 12 سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے اور کہا ہے کہ وہ شہداء کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے خود کش حملہ آوروں کی چیک پوسٹ میں داخلے کی کوشش ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کی تعریف کی ہے اور کہا ہے کہ ملک و قوم کی خاطر اپنی جانیں قربان کرنے والے سکیورٹی اہلکار قوم کے اصل محسن ہیں اور ملک میں امن کے لئے سکیورٹی فورسز نے قربانیوں کی لازوال داستانیں رقم کی ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی ان قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں،سکیورٹی فورسز کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔

Comments are closed.