پرامن احتجاجی تحریک کا آغاز 24 نومبر کو پاکستان بھر کے ہر شہر سے ہوگا‘پی ٹی آئی پولیٹیکل کمیٹی کا فیصلہ

اسلام آباد(آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی پولیٹیکل کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ ہماری پُرامن احتجاجی تحریک کا آغاز 24 نومبر کو پاکستان بھر کے ہر شہر سے ہوگا اور قافلے اسلام آباد کی طرف اپنے سفر کا آغاز کرینگے‘یہ تحریک قیدیوں کی رہائی،26ویں آئینی ترمیم کی تنسیخ اور انتخابی مینڈیٹ کی بحالی تک جاری رہے گی۔پاکستان تحریک انصاف کی پولیٹیکل کمیٹی کا ہنگامی اجلاس 22اور 23 نومبر کی درمیانی رات کو منعقد ہوا۔ جس میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ بانی چیئرمین عمران خان کی ہدایت کے مطابق ہماری پُرامن احتجاجی تحریک کا آغاز 24 نومبر کو پاکستان بھر کے ہر شہر سے ہوگا اور قافلے اسلام آباد کی طرف اپنے سفر کا آغاز کرینگے۔ پارٹی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق اجلاس میں اس بات کا بھی اعادہ کیا گیا کہ یہ تحریک اس وقت تک جاری رہے گی جب تک اس کے اہداف حاصل نہیں کر لئے جاتے۔ ان اہداف میں پاکستان بھر میں بے گناہ قید پارٹی کے لیڈران، کارکنان اور عمران خان کی رہائی، 26 ویں آئینی ترمیم کی تنسیخ اور 8 فروری کے الیکشن کے حقیقی مینڈیٹ کی بحالی شامل ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پولیٹیکل کمیٹی نے ملک کی بگڑتی ہوئی معاشی صورتحال اوردہشتگردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کا نوٹس بھی لیا اور معاملات کے فوری حل کے زمرے میں حکومتی بے حسی اور بے بسی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔پولیٹیکل کمیٹی نے پارٹی کے کارکنان اور مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے عوام سے اپیل کی کہ وہ پر امن احتجاج میں جوق در جوق شرکت کر کے اسے کامیاب بنائیں۔ تاکہ پاکستان میں آئین اور قانون کے مطابق جمہوری دور کا آغاز ہو سکے۔ ریاست کے عوام کا اعتماد بحال ہو اور ایک بہتر مستقبل کی نوید سنائی دے۔

Comments are closed.