پاکستان اور بیلاروس کا 2025-2027 کے لیے جامع تعاون کے روڈ میپ” پر اتفاق

اسلام آباد(آن لائن)پاکستان اور بیلاروس کے درمیان 2025-2027 کے لیے جامع تعاون کے روڈ میپ” پر اتفاق ہواہے جبکہ دوطرفہ اقتصادی تعاون میں تیزی لانے اور درکار قانونی فریم ورک کو بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ فیصلے وزیراعظم شہبازشریف اور جمہوریہ بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کی ملاقات میں کئے گئے ۔بیلا روس اور پاکستان کے درمیان وفود کی سطح پر بات چیت کے بعد جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق بیلاروس اور پاکستان کے درمیان آج وفود کی سطح پر بات چیت ہوئی۔ بیلا روس کے صدر اپنے وفد کے ہمراہ پاکستان کے تین روزہ دورے پر اسلام آباد آئے ہوئے ہیں۔جمہوریہ بیلاروس کے صدر عزت مآب الیگزینڈر لوکاشینکو، اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے اپنے وفود کی قیادت کی۔ دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر بات چیت کا یہ مرحلہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان بہترین دوطرفہ تعلقات کی عکاس ہے۔ دونوں فریقوں نے دوطرفہ تعلقات کے مکمل اسپیکٹرم کے ساتھ ساتھ اہم علاقائی اور عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے، بین الپارلیمانی تبادلوں کو مضبوط بنانے اور خاص طور پر دو طرفہ تجارتی اور اقتصادی تعاون کو بڑھانے کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم شہباز اور صدر لوکاشینکو نے پاکستان بیلاروس تعلقات کی موجودہ مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے باقاعدہ اعلیٰ سطحی ملاقاتوں اور ادارہ جاتی تعاون کے ذریعے اس رفتار کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماوٴں نے کئی اہم معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کا بھی مشاہدہ کیا جس کا مقصد پاکستان اور بیلاروس کے درمیان اہم شعبوں میں قریبی تعاون کو فروغ دینا ہے۔ یہ معاہدے اور ایم او یوز ماحولیاتی تحفظ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، حلال تجارت، آڈٹ اداروں، مالیاتی انٹیلی جنس شیئرنگ، ووکیشنل ایجوکیشن اور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں تعاون پر مشتمل ہیں۔ ملاقات میں "پاکستان اور بیلاروس کے درمیان 2025-2027 کے لیے جامع تعاون کے روڈ میپ” پر اتفاق ہوا، جس کے تحت اعلیٰ سطحی اجلاسوں، بین الحکومتی کمیشنوں اور اہداف کے ذریعے اقتصادی تعلقات کو بڑھانے کے لیے ایک اسٹریٹجک فریم ورک کا خاکہ پیش کیا گیا ہے۔ اس فریم ورک کے ذریعے باہمی تعاون کے اقدامات، علاقائی اقتصادی روابط کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے، دونوں فریقوں نے دوطرفہ اقتصادی تعاون میں تیزی لانے کے لیے درکار قانونی فریم ورک کو بہتر بنانے پر اتفاق کیا۔بیلا روس کے صدر نے وزیر اعظم پاکستان کے تعلقات کو نئی جہتوں پر لے جانے کے عزم کو سراہا اور اس سلسلے میں اپنے اور اپنی حکومت کے اپنے بھرپور تعاون کا اظہار کیا. انھوں نے شہباز شریف کو بیلا روس کے دورے کی دعوت بھی دی، جس سے تعلقات میں مزید وسعت آئے گی۔ وزیر اعظم نے دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اس دورے کے دوران مفاہمتی یاداشتوں کو معاہدوں کی شکل دی جائے گی۔ وزیر اعظم نے متعلقہ وزراء کو ھدایات جاری کیں کہ وہ اس سلسلے میں جلد ازجلد ضروری اقدامات اٹھائیں۔

Comments are closed.