مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں پاکستان کو 1 ارب 72 کروڑ ڈالر موصول

سالانہ ہدف کے مقابلے میں جولائی تا اکتوبر 8.88 فیصد فنڈز ہی حاصل ہوسکے‘سرکاری دستاویز

اسلام آباد(آن لائن)اقتصادی امور ڈویژن نے بیرونی فنانسنگ سے متعلق رپورٹ جاری کر دی ۔رپورٹ کے مطابق مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں پاکستان کو 1 ارب 72 کروڑ ڈالر موصول ہوئے جبکہ سالانہ ہدف کے مقابلے میں جولائی تا اکتوبر 8.88 فیصد فنڈز ہی حاصل ہوسکے ہیں۔سرکاری دستاویز کے مطابق رواں مالی سال بیرون ملک سے مجموعی 19 ارب 39 کروڑ ڈالر ملنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، پاکستان کو چار ماہ میں آئی ایم ایف سے ملنے والے 1 ارب ڈالر اس کے علاوہ ہیں ۔جولائی تا اکتوبر مجموعی طور پر 2 ارب 72 کروڑ ڈالر کی بیرونی مالی معاونت ملی ۔دستاویز کے مطابق پاکستان کو اس دوران مختلف ممالک سے 25 کروڑ 98 لاکھ ڈالر حاصل ہوئے، دیگر عالمی مالیاتی اداروں نے پاکستان کو 72 کروڑ ڈالر سے زائد فراہم کیئے۔اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق پاکستان نے جولائی تا اکتوبر 20 کروڑ ڈالر کا کمرشل قرضہ بھی لیا،نیا پاکستان سرٹیفکیٹ میں چار ماہ کے دوران 54 کروڑ 21 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری آئی ۔دستاویز کے مطابق رواں مالی سال 9 ارب ڈالر کے چینی اور سعودی ڈیپازٹس میں توسیع ملنے کا امکان ہے ،اس میں سعودی عرب کے 5 ارب ڈالر اور چین کے 4 ارب ڈالر کے ڈیپازٹس شامل ہیں۔

Comments are closed.