اسلام آباد (آن لائن) وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی خون بہا نے کی نیت سے آئی تھی ۔ یہ لوگ گرفتاری کے ڈر سے بھاگ گئے۔ واحد سیاسی جماعت ہے جو لاشوں کی تلاش میں رہتی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا جدید اسلحہ سے لیس، سادہ کپڑوں میں، پولیس والے اور سیکورٹی اہل کار ان کے ہمراہ تھے، آنسو گیس کے شیل، آنسو گیس فائر کرنے والی گنز ان کے پاس تھیں۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے جو پتھراوٴ کیا، غلیلوں کا استعمال کیا، پولیس والوں کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا، اور اب انہوں نے لاشوں کی سیاست شروع کردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بات انتہائی افسوسناک ہے کہ بغیر ثبوت اور دلیل کے سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا شروع کردیا گیا ہے۔ یہ جھوٹ بول رہے ہیں کہ کوئی لاشیں گری ہیں یا لوگ مرے ہیں۔ پولی کلینک انتظامیہ نے بھی بیان دیا ہے کہ یہاں کوئی لاشیں نہیں آئیں۔ حالانکہ واٹس ایپ گروپس اور سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی والے پروپیگنڈا کررہے ہیں کہ لاشیں گری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ واحد سیاسی جماعت ہے جو لاشوں کی تلاش میں رہتی ہے، کوئی لاش ملے تو کہتے ہیں ہمارے لوگ شہید کیے گئے ہیں۔ میں کل رات ڈی چوک سے سیونتھ ایونیو تک چکر لگا کر آیا، رات گئے یہاں موجود رہا، کوئی گولیوں کے خول تھے نہ فائرنگ ہوئی نہ ان لوگوں کو ٹارگٹ کیا۔ پھر بھی افسوس ہے کہ جو راہ فرار اختیار کی ہے اور موقع سے جو بھاگے ہیں، اس کی توجیہ پیش کی جا رہی ہے کہ ہمارے لوگوں کو مارا گیا ہے۔
Comments are closed.