ملک بھر میں ڈیٹا سروس مکمل فعال ہے، وزیرِمملکت آئی ٹی شزہ فاطمہ کا دعویٰ

اسلام آباد (آن لائن) وزیرِمملکت آئی ٹی شزہ فاطمہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک بھر میں ڈیٹا سروس مکمل فعال ہے، ڈیٹا سروس پر تمام ایپس 100 فیصد درست کام کر رہی ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انڈسٹری براڈ بینڈ استعمال کرتی ہے اسے بند نہیں کیا جاتا، موبائل ٹاور پاکستان میں ضرورت سے کم ہیں، اس کی بہتری کیلئے کام کر رہے ہیں، جہاں سکیورٹی کی بات ہو وہاں وزارتِ داخلہ پی ٹی اے کو ہدایت دیتی ہے، وزارت داخلہ کی ہدایت کے تحت ہی ایکس کو بند کیا گیا۔شزہ فاطمہ کا کہنا ہے کہ ایکس پاکستان میں 2 فیصد سے بھی کم لوگ استعمال کرتے ہیں، ایکس کی بندش کا مطلب اظہارِ رائے پر پابندی ہرگز نہیں، یوٹیوب، فیس بک سمیت تمام ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر اظہارِ رائے کی آزادی ہے، ملک پر یومیہ سیکڑوں سائبر حملے ہوتے ہیں، سائبر سکیورٹی وقت کی ضرورت ہے

، گزشتہ سال کی نسبت اس سال آئی ٹی انڈسٹری میں بے پناہ ترقی ہوئی ہے۔وزیرِمملکت برائے آئی ٹی کا یہ بیان ان اطلاعات کے بعد سامنے آیا جن میں کہا گیا تھا کہ ملک بھر میں سوشل میڈیا سروسز ایک بار پھر سست روی کا شکار ہیں جس کے باعث صارفین کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ ا، آن لائن کاروبار ،ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور بیرون ممالک آئی ٹی کی سروسز دینے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا کیوں کہ ملک بھر میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بشمول واٹس ایپ، فیس بک، انسٹاگرام اور ٹک ٹاک کی سروسز معطل یا سست روی کا شکار رہیں جس کی و جہ سے عام صارفین کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ ا۔بتایاجارہا ہے کہ ہفتہ کی رات سے ہی تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز تعطل کا شکار ہیں جس سے پی ٹی سی ایل انٹرنیٹ اور گوگل سروسز کو اپنے معمول کے آپریشنز انجام دینے میں دشواری کا سامنا ہے، کو تصاویر، وائس نوٹ اور ویڈیوز اپ لوڈنگ اور ڈاؤن لوڈنگ میں مشکلات کا سامنا رہا، صارفین وی پی اینز کے ذریعے سوشل میڈیا ایپلی کیشنز استعمال کرنے پر مجبور ہیں، متعدد شہروں میں وی پی این کے ذریعے بھی صارفین کو سوشل میڈیا سروس تک رسائی مشکلات کا سامنا ہے۔

Comments are closed.