تحریک انصاف کی سیاسی و کور کمیٹی فیک نیوز کا شکارہوکر رہ گئی

پی ٹی آئی کے مختلف رہنماؤں کی طرف سے بار بار فیک نیوز کا اجراء پارٹی قیادت کیلئے درد سر بن گیا‘ذرائع
مجھے سمجھ نہیں آرہی یہ فیک نیوز کہاں سے اور کیوں جاری ہو رہی ہیں‘اسد قیصر بھی تنگ
اسلام آباد(آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی و کور کمیٹی فیک نیوز کا شکارہوکر رہ گئی، پی ٹی آئی کے مختلف رہنماؤں کی طرف سے بار بار فیک نیوز کا اجراء پارٹی قیادت کیلئے درد سر بن گیا۔ذرائع کے مطابق ایک دن میں میں کئی فیک نیوز پارٹی قیادت کے لئے درد سر بن چکا ہے،اتوار کے روز کور کمیٹی گروپ میں فیک نیوز شیئر کی گئیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق کور کمیٹی گروپ میں حلیم عادل شیخ نے اسد قیصر اور محمود اچکزئی پر حملے کی خبر شئیر کی۔ علیم عادل نے خبر پر پارٹی سے رائے طلب کی اور تشویش کا اظہار کیا۔

سیمابیہ طاہر نے بین الاقوامی میڈیا کو بانی پی ٹی آئی سے ملنے کی اجازت کی خبر شئیر کی۔پارٹی ذرائع کے مطابق سیمابیہ طاہر نے فیک نیوز شئر کرتے ہوئے اسے کامیابی قرار دیا۔ پارٹی گروپ میں قاسم سوری کے بانی پی ٹی آئی کی جیل سے منتقلی کا ٹویٹ شیئر کیا گیا۔علی محمد خان نے ایسے ٹویٹ کو فیک قرار دیتے ہوئے سیاسی کمیٹی و قائدین سے مشاورت کا کہا۔پارٹی قائدین کا موقف ہے کہ فیک نیوز پر مبنی بیانات سے پارٹی کو نقصان پہنچ رہا ہے۔پی ٹی آئی قیادت خود فیک نیوز کا شکار ہونے لگی ہے،اسد قیصر کے حوالے سے ایک ہفتے میں چھ فیک نیوز شیئر کی گئیں۔اسد قیصر کا موقف ہے کہ مجھے سمجھ نہیں آرہی یہ فیک نیوز کہاں سے اور کیوں جاری ہو رہی ہیں۔

Comments are closed.