کے پی کے حکومت کا پرفارمنس آڈٹ ہونا چاہیے، فیصل کریم کنڈی

پشاور (آن لائن) گورنر خیبر پختونخوا ہ فیصل کریم کنڈی نے آل پار ٹیز کانفرنس میں تمام جماعتوں کی شرکت کو خوش آئند قرار دیتے ہوے کہا کے پی کے کچھ عرصے سے بد امنی کا شکار ہے، ہم صوبے میں امن اور وسائل کے حوالے سے متفقہ لائحہ عمل وضع کرنا چاہتے ہیں، صوبائی حکومت کا پرفارمنس آڈٹ ہونا چاہیے۔ گورنر ہاؤس کے پی میں آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کی اے پی سی کا انعقاد انتہائی ضروری تھا، اصولی طور پر یہ اے پی سی صوبائی حکومت کو بلانی چاہیے تھی، لیکن وہ ایسا نہیں کرسکے تو ہم خاموش نہیں بیٹھ سکتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی اے پی سی کے ذریعے کیے جانے والے فیصلوں سے ہم وفاق اور صوبائی حکومت کو بھی آگاہ کریں گے،

ان سے درخواست ہوگی کہ صوبے کی سیاسی نمائندہ جماعتوں کی تجاویز پر عمل درآمد کریں۔ انہوں نے کہا سیاست کو سیاست تک محدود رکھنا چاہیے، جب صوبے میں امن و امان یا وسائل کی بہتری کی بات ہو تو ہمیں صوبے کی بہتری کے لیے متحد ہوجانا چاہیے، تاکہ ایک متفقہ پیغام دیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کانفرنس میں سیاسی قائدین کی موجودگی نے ثابت کیا کہ صوبہ کے مسائل و حقوق پر ہم سب یکجا ہیں۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوے قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیرپاوٴ نے کہا کہ صوبہ بدامنی کا شکار ہے۔ صوبائی حکومت نے با ئیکاٹ کا اعلان کیا جو کہ صوبہ سے زیادتی ہے۔ ملک میں سیاسی عدم استحکام ہے جس کی وجہ سے مسئلے حل نہیں ہو رہے۔ انہوں نے کہا صوبائی حکومت اپنے حقوق کے لئے مرکز پر چڑھائی کرے۔ مرکز کے پاس جو ہمارے حقوق ہیں وہ ہمیں دئیے جانے چاہیے کیونکہ ہمارا صوبہ بہت پسماندہ اور دہشتگردی کی لپیٹ میں ہے۔ زیادہ سے زیادہ امداد اس صو بے کو دی جانی چاہیے ۔ انہوں نے کہا لفٹ کینال جیسے بڑے منصوبوں کی اہم ضرورت ہے ہے۔

Comments are closed.