حکومت ملک میں کاروباراورسرمایہ کاری میں تیزی لانے کیلئے اقدامات کررہی ہے، محمداورنگزیب

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیرخزانہ محمداورنگزیب نے کہاہے کہ معاشی اصلاحات کاتسلسل جاری رہے گا، اہم معاشی اشار ئیے مثبت ہیں، حکومت ملک میں کاروباراورسرمایہ کاری میں تیزی لانے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ سیکورٹیز اینڈایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے زیراہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت نے معاشی میدان میں اہم پیش رفت کی ہے، اہم معاشی اشارئے مثبت ہیں، خساروں پرقابو پایاگیاہے،زرمبادلہ اوربرآمدات میں اضافہ ہورہاہے، مہنگائی میں کمی آرہی ہے، شرح سودمیں کمی سے صنعتوں کوفائدہ پہنچ رہاہے۔ انہوں نے کہاکہ معاشی استحکام کے بعدنموکے سفرمیں تیزی لانے کیلئے جوبھی ادارے ہمارے ساتھ تعاون کررہے ہیں ہم ان کے شکر گزارہیں۔انہوں نے کہاکہ کاپ۔ انتیس کے موقع پرپاکستان نے ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے مالیاتی حکمت عملی کاآغازکیا ہے،ماحولیات، موسمیاتی تبدیلیوں کااہم حصہ ہے، جامع اقتصادی شمولیت اورنمو میں ان کی اہمیت مسلمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے تمام طبقوں کو مرکزی اقتصادی دھارے میں لانا ضروری ہے

، معیشت کی بہتری کے لئے ہرایک کواپنا مثبت کرداراداکرناہوگا، صنفی برابری اورمساوات قومی اقتصادی منظرنامہ میں اہمیت کی حامل ہے۔افرادی قوت میں خواتین کی شمولیت میں اضافہ کیلئے اقدامات ضروری ہیں، حکومت اس حوالہ سے اپناکرداراداکررہی ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ نجی شعبہ کوبھی اپنا مثبت اورتعمیری کرداراداکرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ معاشی ترقی اورنمومیں نجی شعبہ کاکردارکلیدی اہمیت کاحامل ہے۔ حکومت پالیسی فریم ورک اورپالیسیوں کے تسلسل کویقینی بنائے گی تاہم ترقی کے انجن کاکردار نجی شعبہ کواداکرناہے۔حکومت ملک میں کاروباراورسرمایہ کاری میں تیزی لانے کیلئے اقدامات کررہی ہے، غیرملکی سرمایہ کاروں کومکمل سہولیات فراہم کی جائیگی۔انہوں نے کہاکہ معاشی اصلاحات کاتسلسل جاری رہے گا، سرکاری ملکیتی اداروں کایومیہ خسارہ 2.2ارب روپے ہے، گزشتہ دس برسوں میں ایس اوایز کاخسارہ 6ٹریلین روپے رہاہے،حکومت نجکاری کے پروگرام پرعمل پیراہے اوراس عمل کوشفافیت کے ساتھ آگے بڑھایا جارہاہے۔

Comments are closed.