خطے میں امن کے خواہاں ہیں ، پاکستان دہشت گردی کیخلاف لڑ رہا ہے، دفتر خارجہ

دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کے سیکورٹی فورسز نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، ممتاز زہرا بلوچ
عافیہ صدیقی کیس کی پیروی جاری رکھیں گے، بھارت مسلمانوں کی مذہبی آزادی، عزت آبرو کی حفاظت کو یقینی بنائے ، ہفتہ وارپریس بریفنگ
اسلام آباد (آن لائن) دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ خطے میں امن کے خواہاں ہیں ، پاکستان دہشت گردی کیخلاف لڑ رہا ہے۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کے سیکورٹی فورسز نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ عافیہ صدیقی کیس کی پیروی جاری رکھیں گے ۔ بنگلہ دیش میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر کا سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء سے ملاقات کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں تھا ۔ تر جمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوے کہا وزیر اعظم نے 3 سے 4 دسمبر تک سعودی عرب میں واٹر سمٹ میں شرکت کی۔

سمٹ میں انہوں نے نے پانی کی کمی پر بات کی۔ وزیر اعظم نے ترقیاتی یافتہ ممالک سے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے فنڈز مختص کرنے کا تقاضا کیا۔ وزیر اعظم نے چھ نکاتی ایجنڈا پیش کیا جس کے تحت آبی مسائل کو حل کیا جاسکتا ہے ۔ سمٹ کے سائیڈ لائن پر وزیراعظم نے سعودی ولی عہد اور فرانس کے صدر سے ملاقاتیں بھی کیں ۔ ترجمان نے کہا وزیر خارجہ نے ایران کا دورہ کیا وہاں پر ای سی او کانفرنس میں شریک ہوئے۔ وزیر خارجہ نے ایرانی ہم منصب سے ملاقات بھی کی۔ ترجمان نے کہا پاکستان اور روس کے درمیان 9ویں بین الحکومتی کمیشن کا اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں وفاقی وزیرتوانائی اویس لغاری نے پاکستان کی نمائندگی کی۔ روس اور پاکستان کے درمیان 8 ایم او یوز پر دستخط کئے گئے۔ ترجمان نے اقوام متحدہ کی فلسطین بارے حالیہ قرار داد کو خوش آمدید کہتے ہوے کہا قرارداد میں فلسطینی علاقوں سے اسرائیلی قبضے کے خاتمے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ پاکستان تصادم کی بجائے ممالک میں تعاون کو سپورٹ کرتا ہے ۔ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے۔ ترجمان نے کہا پاکستان دہشت گردی کیخلاف لڑ رہا ہے۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کے سیکورٹی فورسز نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ عوام کے تحفظ کیلئے دہشت گردی کیخلاف جنگ جاری رہے گی۔

ترجمان نے کہا پاکستان عافیہ صدیقی کیس کی پیروی جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا بیرون ممالک میں سفراء کی تعیناتی کا اختیار وفاقی حکومت کا ہے۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ڈپلومیٹک کور سے ملاقات میں انھیں مکمل سیکورٹی کا یقین دلایا ہے۔ ترجمان نے کہا بنگلہ دیش میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر کا سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء سے ملاقات کا مقصد صرف خیریت دریافت کرنا ہے۔ اس ملاقات میں کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں تھا۔ حکومت پاکستان کی جانب سے پاکستانی ہائی کمشنر کو ملاقات کے لیے کوئی پیغام دیکر نہیں بھیجا گیا۔ ترجمان نے بھارت میں مذہبی مقامات اور درسگاہوں پر حملوں کو افسوسناک قرار دیتے ہوے کہا بھارت میں مسلمانوں کے مذہبی مقامات پر حملے بند ہونے چاہیے ۔بھارت کو مسلمانوں کی مذہبی آزادی، عزت آبرو کی حفاظت کو یقینی بنانا چاہیئے۔چمپین ٹرافی کے معاملے پر بات کرتے ہوے ترجمان نے کہا کہ چمپین ٹرافی میں بھارت کی شرکت کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ معاملہ کو لیکر چل رہا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڑ تمام ٹیموں کی شرکت یقینی بنانے کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے رابطہ میں ہے۔ترجمان نے کہا پاکستان عراق تعلقات کی ایک تاریخ ہے۔ چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی کے دورہ عراق پر تفصیل کیلئے آئی ایس پی پی سے رجوع کیا جائے۔

ترجمان نے کہا غیر ملکی شہریوں کو پاکستان میں سیاسی سرگرمیوں احتجاج میں شرکت نہیں کرنی چاہیے۔ نہ ہی پاکستا نی شہریوں کو بیرون ملک سیاسی سرگرمیوں میں حصہ نہیں لینا چاہیے۔ وزارت داخلہ نے گزشتہ ہفتے تفصیلات جاری کی تھیں کہ مظاہرے میں غیر ملکی افغان شامل تھے ۔ پاکستانی قوانین کے مطابق غیر ملکی اس طرح کے مظاہروں میں حصہ نہیں لے سکتے۔ جنرل محمد عامر کو پہلے یو اے ای پھر قطر میں سفیر مقرر کرنے کے سوال پر انہوں نے کہاکسی بھی تقرری پر تبصرہ نہیں کروں گی۔ ترجمان نے کہا افغانستان میں پاکستان کے سفیر عبید نظامانی نے وہاں متعلقہ حکام سے دہشت گردی کے حوالے سے بات چیت کی ہے، پاکستان اور افغانستان دہشت گردی کے خلاف جنگ کے بارے میں تمام موضوعات پر بات چیت کرتے رہتے ہیں۔ترجمان نے کہا بیرون ممالک پاکستانی قیدیوں کے اعداد و شمار بدلتے رہتے ہیں۔ خلیجی ممالک میں قید پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لئے اقدامات کئے جاتے ہیں۔ ترجمان نے کہا پاکستان مقبوضہ کشمیر میں کشمیری شہریوں سے بھارتی حکومت کی جانب سے جائیدادیں ہتھیانے کی مذمت کرتا ہے ۔ پاکستان کشمیریوں کی سفارتی سیاسی اخلاقی امداد جاری رکھے گا ۔ ترجمان نے کہا وزیر توانائی کے دورہ روس میں دونوں ملکوں کے درمیان کنیکٹوٹی کے مسائل سے متعلق بات کی گئی۔ افغانستان میں عورتوں کی تعلیم اور نرسنگ کے شعبے پر پابندی پر رد عمل دیتے ہوے انہوں نے کہا تعلیم ہر مرد اور عورت کا حق ہے، اور اسلام عورتوں کو جائیداد کا حق بھی دیتا ہے۔

Comments are closed.