توشہ خانہ 2کیس کی سماعت‘بشریٰ بی بی کے وارنٹ گرفتاری جاری‘ملزمہ کے ضامن کو بھی نوٹس جاری کر دیاگیا

بشری بی بی پر متعدد ایف ائی ارز درج ہو چکی ہیں کچھ میں حفاظتی ضمانت لے لی ہے‘وکیل عثمان گل
عدالت ایک تاریخ دیدے آئندہ سماعت پر بشری بی بی پیش ہو جائیں گی‘ بیرسٹر گوہر
راولپنڈی (آن لائن) سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے توشہ خانہ سے بلغاری کمپنی کے بیش قیمت زیورات کے حصول سے متعلق نئے کیس میں تحریک انصاف کے سابق چیئرمین کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے ہیں عدالت نے بشریٰ بی بی کے ضامن کو بھی نوٹس جاری کر دئیے ہیں عدالت نے یہ وارنٹ گرفتاری بشریٰ بی بی کی عدالت سے مسلسل عدم حاضری پر جاری کئے گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں سماعت کے دوران ملزمان پر فرد جرم عائد ہونا تھی اس موقع پر سابق چیئرمین کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا تاہم گزشتہ تاریخ پر بشریٰ بی بی کے وکلا کی یقین دہانی کے باوجود عدالت پیش نہ ہونے کی وجہ سے فرد جرم عائد نہ ہوسکی سماعت کے آغاز پر عدالت نے ملزمان کے وکلا سے استفسار کیا کہ بشریٰ بی بی کہاں ہیں حالانکہ ملزمہ کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے گزشتہ سماعت پر یقین دہانی کروائی تھی کہ بشریٰ بی بی عدالت پیش ہوں گی جس پر بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان گل نے موقف اختیار کیا کہ بشریٰ بی بی پر متعدد نئے مقدمات درج ہو چکے ہیں کچھ میں حفاظتی ضمانت لے لی ہے جبکہ مزید مقدمات میں ضمانت لینے کے لئے عدالت گئی ہیں ملزمہ کے وکیل نے ایک بار پھر یہ موقف دہرایا کہ عدالت کو یقین دلاتے ہیں کہ ٹرائل میں مکمل تعاون کریں گے 9 دسمبر (بروز پیر) کو یا بشریٰ بی بی خود پیش ہو جائیں گی یا ان کا پلیڈر مقرر کر دیا جائے گا وکیل صفائی نے بتایا کہ رائے سلمان امجد کو اس ریفرنس میں بشریٰ بی بی کا پلیڈر مقرر کر دیا گیا ہے جس پر ایف آئی اے کے وکیل ذوالفقار عباس نقوی نے موقف اختیار کیا کہ یہ سماعت توشہ خانہ ٹو کیس کی ہو رہی ہے اس کیس کی بات کریں آج دسویں سماعت ہے مگر فرد جرم عائد نہیں ہو رہی ایف آئی اے کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ بشریٰ بی بی کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے جائیں اگر بشریٰ بی بی نہیں آتی تب بھی ٹرائل کو روکا نہیں جا سکتا جس پر بیرسٹر گوہر نے موقف اختیار کیا کہ بشریٰ بی بی کی طبیعت بھی ٹھیک نہیں ہے جبکہ متعدد نئے مقدمات بھی ان پر درج ہو چکی ہیں عدالت نے انصاف رحم دلی کے ساتھ کرنا ہوتا ہے لہٰذا عدالت ایک تاریخ دے آئندہ سماعت پر بشریٰ بی بی پیش ہو جائیں گی بیرسٹر گوہر کا موقف تھا کہ ہمارے کیسز فاسٹ ٹریک پر چلائے جا رہے ہیں جس پر ایف آئی اے کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ بشریٰ بی بی عدالت پیش نہ ہونے پر مزید ریلیف کی مستحق نہیں ضمانت ملنے کے بعد بشریٰ بی بی 10 سماعتوں میں سے صرف دو سماعتوں پر پیش ہوئیں عدالت اس سے زیادہ کیا رحم دلانہ رویہ اپنائے متعدد مواقع دیئے جانے کے باوجود بشریٰ بی بی عدالت پیش نہیں ہوئی ہیں جس پر عدالت نے بشریٰ بی بی کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے ساتھ ان کے ضامن کو بھی نوٹس جاری کر دیا یاد رہے کہ گزشتہ تاریخ پر بھی بشریٰ بی بی کی جانب سے دائر حاضری استثنیٰ کی درخواست میں ملزمہ کے وکیل بیرسٹر سلیمان صفدر نے عدالت کو بتایا تھا کہ بشریٰ بی بی کے خلاف 19 نئے مقدمات درج کئے گئے ہیں اور بشریٰ بی بی نئے درج ہونے والے مقدمات میں ضمانت حاصل کرنے کے لئے پشاور ہائی کورٹ گئی ہیں انہوں نے پشاور میں عدالت کے سامنے سرنڈر کر دیا ہے ملزمہ کے وکیل نے یقین دہانی کرائی تھی کہ آئندہ تاریخ پر بشریٰ بی بی عدالت پیش ہو جائے گی جبکہ ایف آئی اے کے وکیل ذوالفقار عباس نقوی کی مخالفت کے باوجود عدالت نے بشریٰ بی بی کو عدالت پیش ہونے کیلئے آخری موقع دیا تھا توشہ خانہ ریفرنس میں نیب نے رواں سال 13 جولائی کو دونوں ملزمان کو گرفتار کیا تھا تاہم بعد ازاں عدالت نے توشہ خانہ 2 کیس میں بشریٰ بی بی کی ضمانت منظور کر لی تھی۔#/s#

Comments are closed.