پاکستان اور بلغاریہ کے درمیان میری ٹائم تعاون پر مفاہمت کی یادداشت پر دستخط
صوفیہ (آن لائن )پاکستان اور بلغاریہ کے مابین میری ٹائم تعاون پر مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کردئیے گئے ۔بلغاریہ کی وزارت ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکیشن میں ہونے والی تقریب میں بلغاریہ میں پاکستانی سفیر مریم مدیحہ آفتاب جبکہ بلغاریہ کی طرف سے اقتصادی پالیسیوں کے نائب وزیر اعظم اور ٹرانسپورٹ اور مواصلات کے وزیر ہیرسٹو الیگژوف نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔
اس ایم او یو پر دستخط سے دونوں ممالک کو بحری امور کے شعبے میں اپنے تعاون کو باضابطہ شکل دینے میں مدد ملے گی اور دونوں ملک بحری نقل و حمل سے متعلق معاملات پر تعاون کو وسعت اور گہرا کریں گے، بحری امور سے متعلقہ اداروں کے درمیان رابطے کو آسان بنانے کے ساتھ ساتھ نجی شعبے کی آگاہی اور تعاون میں اضافہ ، باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی مواقع پیدا ہونگے اور اور اس اہم شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دیں گے۔ تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی سفیر مریم مدیحہ آفتا ب نے کہا کہ اس ایم او یو پر دستخط دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات کو مسلسل مضبوط بنانے میں ایک اور سنگ میل ہے اور اس سے دونوں ممالک کے متعلقہ حکام کو باہمی طور پر فائدہ مند تعاون کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ سیاسی مشاورت کا پانچواں دور منعقد ہوا جس میں مختلف شعبوں میں تعاون سے متعلق تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سفیر پاکستان نے اس موقع پر بلغاریہ کے وزیر ٹرانسپورٹ اور کمیونیکیشن سے بھی الگ ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کی متعلقہ وزارتوں کے درمیان تعاون بڑھانے کی تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
Comments are closed.