ہمیں دعا کرنا چاہیے کہ انہیں سزائے موت نہ ہو،9مئی سے متعلق عمران خان کی آڈیوز اور میسجز کے ثبوت مل گئے، میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد (آن لائن) سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ آرمی تمام ثبوتوں کے بعد چارج شیٹ کرتی ہے، جنرل فیض کو کورٹ مارشل میں سزا بھی ہوگی اگر ایسا ہوا تو کوئی بھی نہیں بچ سکے گا ، ہمیں دعا کرنا چاہیے کہ انہیں سزائے موت نہ ہو، لگتا ہے شہداء کی آڑ میں سول نافرمانی موٴخر کردی جائے گی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو غداری کی گئی، کچھ لوگوں نے عمران خان کی آڈیوز اور میسجز کے ثبوت دے دیئے ہیں، پہلے ہی کہا تھا بانی پی ٹی آئی کے ملٹری ٹرائل پر حیرت نہیں ہوگی
انہوں نے کہا کہ پشاور دھرنے کے وقت وہاں کے کور کمانڈر فیض حمید تھے، جنرل فیض نے کوئی بھی کام اکیلے نہیں کیا، انہوں نے صرف مہرے کا کام سرانجام دیا۔ انہوں نے کہا پی ٹی آئی میں واحد آدمی تھا جو جنرل (ر) فیض حمید کے قابو نہیں آیا، سابق ڈی جی آئی ایس آئی کی گردن بچے گی تو یہ بھی بچیں گے، جنرل فیض کو سزا ہوئی تو کوئی نہیں بچے گا، پوری پی ٹی آئی انہیں بچانے میں لگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے خود کو گولی نہیں لگوائی تھی، بانی پی ٹی آئی پر حملے کا کس، کس کو فائدہ ہوا سب کو معلوم ہے، ایک آدمی جیل میں اور باقی سب اقتدار کے مزے لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ملک میں سیاست کا یہاں تک آجانا ہماری بدقسمتی ہے، ہمیں اپنے رویے تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کا مدرسہ بل پر موٴقف بالکل درست ہے، نوازشریف کو اس معاملے پر بردباری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
Comments are closed.