فیض حمید کے چارج شیٹ ہونے کے بعد پی ٹی آئی کے رویے میں تبدیلی آئی ،خواجہ آصف

مذاکرات کی کوئی آفر ہی نہیں آئی، یہ لوگ سپیکر اسمبلی کے پاس بیٹھے رہتے ہیں چائے بسکٹ کھاکے چلے جاتے ہیں، وزیر دفاع
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے جنرل فیض حمید کے چارج شیٹ ہونے کے بعد پی ٹی آئی کے رویے میں تبدیلی آئی ہے لیکن خلوص نہیں ہے۔ ابھی تک مذاکرات کی کوئی آفر ہی نہیں آئی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے ابھی تک مذاکرات کی کوئی آفر ہی نہیں آئی۔ یہ لوگ اسپیکر اسمبلی کے پاس بیٹھے رہتے ہیں چائے بسکٹ کھاتے ہیں اور چلے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا مذاکرات والی صورتحال ہی نہیں بنی کہ ہم کوئی رد عمل دیں ۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال پی ٹی آئی والے آپس میں لڑ رہے ہیں، کوئی کہتا ہے کہ ہماری دو شرائط ہیں

، وہ منظور کی جائیں اور کوئی کہتا ہے غیر مشروط مذاکرات ہونے چاہییں، ان کی طرف سے کوئی کمیٹی کمیٹی کھیل رہا ہے ، اب کمیٹی بھی بنا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے آگے جو چیلے ہیں وہ کچھ اور کہتے ہیں جبکہ بشریٰ بی بی کچھ اور کہتی ہے اور بانی پی ٹی آئی کی بہنیں کچھ اورکہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عہدے دار لوگ بھول ہی گئے ہیں کہ کون عہدیدار ہے اتنی بولیاں اور آوازیں آتی ہیں۔ کوئی یونیفائیڈ قسم کی آواز آئے تو اسکو ہم رسپانڈ بھی کریں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا میں آرہا ہے کہ وہ این آر او چاہتے ہیں۔

ان کے 3 حملے ناکام ہوئے اور اب جو چارج شیٹ جنرل فیض کی ہوئی ہے اس کے بعد ان کے رویے میں تبدیلی آئی ہے لیکن خلوص نہیں ہے۔ جبکہ کسی بھی مذاکرات کی کامیابی کے لیے فریقین میں خلوص ہونا بہت ضروری ہے، بصورت دیگر مذاکرات پہلے دن ہی سے ناکام ہوتے ہیں، وہ مذاکرات نہیں ڈرامہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا ہم نے جو مذاکرات بھی کرنے ان کا کہنا تھا کہ ان کی طرف سے غیر مشروط مذاکرات کی کال آئے، ملک اور امن کی خاطر مذاکرات میں آنا چاہتے ہیں تو ویلکم لیکن خواہشات کی تکمیل کے لیے مذاکرات نہیں ہو سکتے۔

Comments are closed.