مسلم لیگ ن کے رہنما، وزیراعظم کے سابق پریس سیکریٹری محمد صدیق الفاروق انتقال کر گئے

اسلام آباد(آن لائن)مسلم لیگ ن کے رہنما، وزیراعظم کے سابق پریس سیکریٹری، ہاوس بلڈنگ فنانس کارپوریشن و متروکہ وقف املاک بورڈ کے سابق چیئرمین محمد صدیق الفاروق انتقال کر گئے۔مرحوم گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے۔صدیق الفاروق طویل عرصے تک شعبہ صحافت سے وابستہ رہے۔وہ سینئر صحافی اظہر ملک کے بڑے بھائی تھے۔نماز جنازہ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔وزیراعظم شہبازشریف ،سپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق،سینیٹر عرفان صدیقی اور دیگر شخصیات نے صدیق الفاروق کی رحلت پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سیاسی خدمات کو تادیر یاد رکھاجائے گا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما، ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے سابق چئیر مین صدیق الفاروق کے انتقال پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہاراور مرحوم کی بلندی درجات کی دعاء کرتے ہوئے مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیاہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ مرحوم صدیق الفاروق کی پاکستان مسلم لیگ ن کے لئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی‘ان کے انتقال سے پارٹی ایک مخلص اور زیرک سیاستدان سے محروم ہو ہو گئی اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ عطاء فرمائے۔آمین۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وزیراعظم کے سابق پریس سیکرٹری، محمد صدیق الفاروق کے انتقال پر تعزیت اورگہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ دکھ اور غم کی گھڑی میں سوگوار خاندان کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔اسپیکر نے محمد صدیق الفارق کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،اسپیکر کی اللہ تعالیٰ سے مرحوم کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطاء فرمانے کی دعاکی۔سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی پارٹی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی نے مسلم لیگ (ن) کے سابق سیکرٹری اطلاعات صدیق الفاروق کی وفات پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔اتوار کو اپنے تعزیتی بیان میں سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ صدیق الفاروق پختہ نظریات اور وفا کا پیکر تھے۔ انہوں نے مشکل ترین حالات میں آمریت کا مثالی بہادری اور جرات سے مقابلہ کیا۔ قید و بند کی صعوبتیں جھیلیں لیکن محمد نواز شریف کے خلاف سلطانی گواہ بننے اور ان کا ساتھ چھوڑنے سے انکار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ بنیادی طور ایک قلم کار مجاہد تھے اور عمر بھر ان کا یہی اوڑھنا بچھونا رہا۔ وہ سادگی، شرافت اور دیانت کی علامت تھے۔ بڑے بڑے عہدوں پر رہنے کے باوجود ان کی منکسرالمزاجی اور سادہ زندگی میں کوئی تبدیلی نہ آئی۔ ان کی وفات صحافت، سیاست اور شرافت کا بڑا نقصان ہے۔ جمہوریت اور مسلم لیگ (ن) کے لیے ان کی قربانیاں اور خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ وفات سے چند روز قبل میں ملنے گیا تب بھی ان کی زبان پر پاکستان کے لئے فکر مندی، نواز شریف سے محبت اور مسلم لیگ (ن) کے لیے درمندی تھی۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔ آمین۔

Comments are closed.