ریاض ( آن لائن ) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سعودی عرب کے پبلک سکیورٹی پولیس ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا جہاں پبلک سکیورٹی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل محمد البسامی نے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا خیر مقدم کیا، اس دوران وزیرداخلہ محسن نقوی نے سٹیٹ آف آرٹ پبلک سکیورٹی کے ہیڈ کوارٹر کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا، انہوں نے سعودی عرب کے سیف سٹی سنٹر کا بھی دورہ کیا۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے جرائم کی روک تھام کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ نظام کا مشاہدہ کیا اورجدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے جرائم و ٹریفک حادثات پر کنٹرول کرنے کے نظام کو سراہا
، وزیرداخلہ محسن نقوی نے پبلک سکیورٹی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل محمد البسامی سے ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ ٹاسک فورس کو جلد فعال کرنے پر اتفاق کیا گیا۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سعودی عرب کے پبلک سکیورٹی کے شاندار نظام کو دیکھ کر خوشی ہوئی، پولیس ٹریننگ کے ضمن میں تعاون کو فروغ دے کر ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کیا جا سکتا ہے، پاکستان سفارت کاروں کی حفاظت کیلئے سپیشل پروٹیکشن یونٹ کا قیام عمل میں لا رہا ہے۔ اس موقع پر وزیرداخلہ محسن نقوی کو پبلک سکیورٹی کے ہیڈ کوارٹر میں خصوصی بریفنگ بھی دی گئی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ آرٹیفشل انٹیلیجنس کے ذریعے جرائم اور ٹریفک حادثات پر کنٹرول کرنے کا نظام وضع کیا ہے، حج و عمرے پر بھی خصوصی فورسز فرائض سرانجام دیتی ہیں، سعودی عرب میں تمام خصوصی فورسز کو پبلک سکیورٹی کے ہیڈ کوارٹر سے کنٹرول کیا جاتا ہے۔
Comments are closed.