کراچی (آن لائن) بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کا 148 واں یوم پیدائش ملک بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا ۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا۔مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب بھی منعقد ہوئی ۔ بانی پاکستان کے یوم پیدائش کے موقع پر یوم قائد کی مناسبت سے شہر شہر تقریبات کا انعقاد کر کے بانی پاکستان کی انتھک جدوجہد، دانشمندی اور قیادت کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا، جس کے نتیجے میں برصغیر کے مسلمانوں کے لئے ایک علیحدہ وطن کا قیام عمل میں آیا۔
بابائے قوم کے یوم ولادت پر ملک بھر میں عام تعطیل کی گئی ، سرکاری اور غیرسرکاری ادار وں میں بھی خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا ۔اس حوالے سے کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پْر وقار تقریب منعقد ہوئی۔تقریب کے دوران ایئرفورس کا دستہ گارڈز کی ذمہ داری سرانجام دے کر قائداعظم کے مزار سے رخصت ہوگیا جبکہ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے دستے نے مکمل طور پر گارڈز کے فرائض سنبھال لئے۔اس موقع پر کمانڈنٹ ملٹری اکیڈمی کاکول میجر جنرل افتخار حسن چودھری نے مزار قائد پر سلامی دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کے بعد مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کئے۔ دریں اثنا، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی صوبائی وزرا کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی اور بابائے قوم کی قبر پر پھول رکھے، اس موقع پر پاک بحریہ کے دستے نے معزز مہمانوں کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
Comments are closed.