چیئرمین ماؤ زے تنگ کی عزت و احترام ہر پاکستانی کے دل میں ہے‘انہوں نے جدید چین کی بنیاد رکھی،وزیراعظم

چین‘ پاکستان قدیم تاریخی ورثوں کے امین ہیں،ان کے درمیان تاریخی تعلقات کی بنیاد مشترکہ عزت و احترام اور بھروسے پر مبنی ہیں
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ممتاز چینی آرٹسٹ و مجسمہ ساز ماسٹر یوآن شیکم کی ملاقات‘ماؤزے تنگ کی بھتیجی بھی موجود تھیں
ماسٹر یوآن کے بنائے ہوئے قائد اعظم محمد علی جناح اور چیئرمین ماؤ زے تنگ کے اسکلپچرز کے حوالے سے خصوصی تقریب
اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ چیئرمین ماؤ زے تنگ کی عزت و احترام ہر پاکستانی کے دل میں ہے‘انہوں نے جدید چین کی بنیاد رکھی،چین اور پاکستان دونوں قدیم تاریخی ورثوں کے امین ہیں،ان کے درمیان تاریخی تعلقات کی بنیاد مشترکہ عزت و احترام اور بھروسے پر مبنی ہیں۔وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ممتاز چینی آرٹسٹ و مجسمہ ساز ماسٹر یوآن شیکم کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں چیئرمین ماؤ زے تنگ کی بھتیجی مادام ماؤ شیاؤ چنگ بھی موجود تھیں۔ماسٹر یوآن کے بنائے ہوئے قائد اعظم محمد علی جناح اور چیئرمین ماؤ زے تنگ کے اسکلپچرز کے حوالے سے خصوصی تقریب ہوئی۔یہ تقریب 25 دسمبر کو قائد اعظم اور 26 دسمبر کو ماؤ زے تنگ کی سالگرہ کی مناسبت سے منعقد کی گئی ۔وزیراعظم نے پاکستان آمد پر ماسٹر یوآن کو خوش آمدید کہا ۔ وزیراعظم نے قائد اعظم اور چیئرمین ماؤ کا شاندار اسکلپچرز بنانے پر ماسٹر یوآن کا شکریہ ادا کیا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ آج کی یہ تقریب تاریخی ہے‘دونوں لیڈرز کے اسکلپچرز ماسٹر یوآن کی مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔شہبازشریف نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کی قیادت کرتے ہوئے نئی اسلامی مملکت پاکستان کی بنیاد رکھی:‘جدید چین کی بنیاد رکھنے میں چیئرمین ماؤ کا کلیدی کردار تھا ‘چیئرمین ماؤ زے تنگ کی عزت و احترام ہر پاکستانی کے دل میں ہے‘پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی تعلقات کی بنیاد مشترکہ عزت و احترام اور بھروسے پر مبنی ہیں‘چین اور پاکستان دونوں قدیم تاریخی ورثوں کے امین ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس سال جون میں اپنے دورہء چین کے دوران شیان میں ٹیرا کوٹا واریئرز میوزیم جانے کا اتفاق ہوا جو کہ انتہائی متاثر کن تاریخی ورثہ اپنے اندر سموئے ہوئے ہے ‘پاکستان وادیء سندھ کی قدیم ترین تاریخ کا مسکن ہے؛ موہنجو دڑو اور ہڑپہ میں ہزاروں سال پرانی انسانی تاریخ پنہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سال چین کے وزیراعظم عزت مآب لی کی چیانگ کے پاکستان کے دورہ سے دونوں ممالک کے مثالی تعلقات مزید مستحکم ہوئے۔پاکستان اور چین کی سدا بہار اسٹریٹجک پارٹنر شپ نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے‘چین-پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے سے لے کر دفاع اور دفاعی پیداوار اور زراعت کے شعبوں میں تعاون میں مزید بہتری آ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سے زراعت کے شعبے کے گریجوئیٹ کا پہلا بیچ چینی زرعی یونیورسٹیوں میں تربیت اور تحقیق کی غرض سے جلد چین روانہ ہو گا۔ تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و ثقافت عطاء اللہ تارڑ، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی،پاکستان میں تعینات چینی سفیر عزت مآب جیانگ زی ڈونگ، چین میں تعینات پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی اور سرکاری افسران موجود تھے۔

Comments are closed.